12 February 2019 - 13:40
News ID: 439741
فونت
ایرانی حوزات علمیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شیعہ سنی مسالک کے علماء، دینی مدارس کی قربت اور باہمی تعاون کو وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دینی اداروں اور جامعہ المصطفیٰ العالمیہ کے سربراہ، قم کے امام جمعہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ لاہور کا دورہ کیا۔ مولانا فضل الرحیم اشرفی اور دیگر علماء کرام نے ان کا استقبال کیا۔

ایرانی وفد کو جامعہ اشرفیہ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کروایا گیا اور اس کی علمی خدمات کے بارے آگاہ کیا گیا۔

مولانا اشرفی نے کچھ عرصہ قبل اپنے ایران کے دورے کے تاثرات بیان کیے اور وہاں قرآن کے حوالے سے ہونیوالے کام کی تعریف کی۔

جامعہ اشرفیہ شعبہ فارسی کے استاد مولانا احمد عمر نے مہمان وفد کو فارسی میں بریفنگ دی۔

آیت اللہ اعرافی نے جامعہ اشرفیہ جیسی ممتاز درسگاہ میں اپنی آمد کو خوش قسمتی قرار دیا اور اس کے بانیان و علماء کی علمی مذہبی خدمات کو سراہا۔

شیعہ سنی مسالک کے علماء، دینی مدارس کی قربت اور باہمی تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا جامعہ المصطفیٰ العالمیہ میں 130 ممالک کے طلباء حصول علم کیلئے مشغول ہیں جن میں 50 ہزار کے قریب فارغ التحصیل ہو چکے ہیں اور اتنی ہی تعداد اب زیر ِتعلیم ہے۔

جامعہ المصطفیٰ العالمیہ کے پاکستان سمیت کئی ممالک میں کیمپس ہیں۔ ایران میں اہلسنت کیلئے سینکڑوں دینی مدارس اور 1700 کے قریب مساجد ہیں جوکہ انقلاب ِ ایران کے بعد بنائے گئے ہیں۔

انہوں نے ایران میں اہلسنت کی مساجد کی تفصیلی فہرستیں بھی جامعہ اشرفیہ کے متہمم کو پیش کیں۔

انہوں نے جامعہ المصطفیٰ کی طرف سے جامعہ اشرفیہ کیلئے علمی و تحقیقی شعبوں میں باہمی تعاون کی پیشکش کی۔

انہوں نے بتایاکہ جامعہ المصطفیٰ العالمیہ نے قرآن و حدیث کے علوم میں بطور خاص سپیشلائزیشن کے شعبے قائم کیے۔ جن میں انسانی حقوق، ماحولیات، اقتصادی امور اور سوشل سائسنز پر خصوصی کام کیا گیا ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے ایران میں پڑھنے والے ہزاروں پاکستانی طلباء اور پاکستانی مدارس میں زیرِ تعلیم اہلسنت کے ہزاروں ایرانی طلباء کے امور کے بارے مزید بہتر سہولیات پر کام کرتے رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے دونوں حکومتوں کے مشترکہ اقدامات کی ضرورت کا اظہار کیا۔

آیت اللہ اعرافی کا کہنا تھاکہ ایران پر جنگ، اقتصادی پابندیوں سمیت ہر قسم کی سختی ڈھائی گئی لیکن ایران فلسطینیوں کی حمایت سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹا۔

انہوں نے جامعہ اشرفیہ کی تخصصی کلاس کے طلباء اور اساتذہ کو ایران کے دورہ کی دعوت دی۔ ایرانی وفد کے ساتھ وفاق المدارس الشیعہ کے نائب صدر اور جامعہ المنتظر کے مہتمم اعلیٰ علامہ سید نیاز حسین نقوی بھی ایرانی وفد کے ہمراہ تھے۔

واضح رہے کہ آیت اللہ اعرافی آج بروز پیر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور بعداز نماز مغرب جامعتہ المنتظر میں مفتی منیب الرحمان کی قیادت میں اتحاد تنظیمات مدارس کے قائدین سے ملاقات کریںگے۔ /۹۸۸/ ن

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬