‫‫کیٹیگری‬ :
23 March 2019 - 20:15
News ID: 440038
فونت
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی :
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ قرارداد پاکستان میں شامل مقاصد اور اہداف کے ساتھ کتنی ناانصافیاں اور زیادتیاں ہوئی ہیں ۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ 1947 ء کے بعد پاکستان کی تاریخ اور کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو انتہائی افسوس کے ساتھ نتیجہ سامنے آتا ہے کہ قرارداد پاکستان میں شامل مقاصد اور اہداف کے ساتھ کتنی ناانصافیاں اور زیادتیاں ہوئی ہیں اور قرارداد پاکستان کی روح کو مسخ کرکے بانیان پاکستان کی ارواح کو تڑپایا جارہا ہے۔

ہمارے ملکی آئین اور قانون کی بنیاد بھی قرارداد پاکستان تھی لیکن جس طرح مختلف ادوار میں آئین کو معطل یا منسوخ کرکے ملک کا حلیہ بگاڑا جاتا رہا اس سے قرارداد پاکستان کی توہین ہوئی ہے۔جب ہی توقرارداد پاکستان کی روح پکار پکار کر کہہ رہی ہے کہ ہم نے پاکستان کی سا لمیت‘ خودمختاری اور ان اعلی اہداف و مقاصد کا اس درست انداز سے تحفظ نہیں کیا جن کے لئے پاکستان کی تشکیل ہوئی تھی۔

یوم پاکستان پر اپنے خصوصی پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ قرارداد پاکستان جہاں عوام کو وطن دوستی اور حب الوطنی کی طرف متوجہ کرتی ہے وہاں حکمرانوں کو جمہوریت ‘ انصاف اور سالمیت و خودمختاری کی حفاظت جیسی ذمہ داریوں کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔

بانی پاکستان حضرت قائد اعظمؒ اور مصور پاکستان علامہ محمد اقبال ؒنے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا آج ہمیں دور دور تک وہ پاکستان نظر نہیں آتا۔ بلکہ پاکستان کے حالات قراردادپاکستان کے بالکل مخالف اور متضاد سمت میں نظر آتے ہیں۔ ہمارا المیہ یہی رہا ہے کہ قراردادپاکستان پر عمل کرنے کی بجائے اقتدار اور مفادات کا کھیل کھیلاجاتا رہاہے جبکہ عوام کو مسائل کا شکار اکرکے احتساب کا راستہ بند کردیا گیا۔ جس کی وجہ سے خرابیوں اور آلائشوں میں مزید اضافہ ہوتا گیا اور ملک ہر قسم کی آئینی‘ نظریاتی اور معاشرتی بیماریوں کا شکار ہوکر مریض بن گیا۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ پاکستان کو لاحق تمام داخلی و خارجی خطرات اور امراض کا شافی علاج یہی ہے کہ سب سے پہلے عوام بیدار‘ متحد اور منظم ہوں۔ قرارداد پاکستان کی روح کو زندہ کرتے ہوئے تحریک پاکستان والے جذبے کو بیدار کریں‘ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے جدوجہد کریں اور جمہوریت‘ انصاف اور اسلامی اقدار کے قیام اور آمریت کے خاتمے کے لئے اقدامات کریں۔

پاکستانی معاشرے کو ناانصافی‘ ظلم‘ بے عدلی ‘ کرپشن‘ دہشت گردی‘ رشوت ستانی‘ فحاشی‘ عریانی‘ لاقانونیت اور دیگر معاشرتی برائیوں سے پاک کرکے ایک اسلامی‘ فلاحی‘ جمہوری اور نظریاتی مملکت بنانے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں اور اس راستے میں بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہ کریں۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬