14 April 2019 - 14:52
News ID: 440170
فونت
محبوبہ مفتی :
جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر نے کہا کہ کشمیر کو سیاسی اور اقتصادی طور پر کمزور کرنے کی خاطر اس کی خصوصی پوزیشن پر حملے کئے جارہے ہیں ۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے اس بات کی کوششیں ہورہی ہیں کہ جموں کشمیر کو سیاسی اور اقتصادی طور پر کمزور کیا جائے۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکر تخریب کار عناصر کی ریشہ دوانیوں کا مقابلہ کریں۔ اُن کا کہنا تھا کہ کشمیر کو سیاسی اور اقتصادی طور پر کمزور کرنے کی خاطر اس کی خصوصی پوزیشن پر حملے کئے جارہے ہیں کیوں کہ بھاجپا نے پہلے ہی اس حوالے سے اپنا ایجنڈا منظرعام پر لایا ہے، لہذا ہمیں اپنی شناخت بچانے کیلئے اُن کے منفی عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مسلمان نہیں چاہتے کہ بی جے پی ایک بار پھر اقتدار میں آئے۔

واتھورہ چاڈورہ میں انتخابی جلسے پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں حالات ٹھیک نہیں ہیں، لوگ بالخصوص مسلمان نہیں چاہتے کہ بی جے پی کو ایک بار پھر اقتدار ملے۔

انہوں نے کہا کہ بھاجپا حکومت میں مسلمانوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے امن مذاکرات بحال ہونے کی جو امید مودی سے لگا رکھی ہے، وہ بارآور نہیں ہوسکتی ہے۔

محبوبہ مفتی نے کہا کہ عمران خان کا خیال ہے کہ مودی ہی کچھ کرسکتے ہیں، کیونکہ انہیں بجرنگ دل، بی جے پی، شیو سینا اور آر ایس ایس کی حمایت حاصل ہے، مگر مجھے اس قسم کی کوئی امید نہیں ہے، جب مودی کے پاس ایک بہت بڑا منڈیٹ تھا تب انہوں نے کچھ نہیں کیا تو اب کیا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مفتی محمد سعید نے بھی اسی طرح سوچا تھا کہ مودی کو بھرپور منڈیٹ ملا ہے تو وہ جموں و کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کے لئے اپنی طاقت کا استعمال کریں گے لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬