15 August 2019 - 13:17
News ID: 441057
فونت
پاکستان نے ہندوستان کے کشمیر سے متعلق غیر آئینی اقدامات کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے رجوع کرتے ہوئے ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کردی۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر پر ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اور کابینہ نے مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل جانے کا فیصلہ دیا ہے جب کہ معاملہ سلامتی کونسل لے جانے سے قبل چین سے مشاورت کے لیے دورہ کیا جس پر چینی حکام نے پاکستان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا کیوں کہ چین سمجھتا ہے کہ ہندوستان کا حالیہ اقدام غیر آئینی، یکطرفہ اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے سیکیورٹی کونسل کے صدر کو خط ارسال کر دیا ہے جو کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھیجا ہے، ہم نے درخواست کی ہے کہ یہ خط فی الفور سیکیورٹی کونسل کے تمام اراکین تک پہنچایا جائے خط میں سیکیورٹی کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کرنے اور ہندوستان کے غیر قانونی اقدامات کو زیر بحث لانے کی درخواست کی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے دعوی کیا کہ ہندوستان کے ان اقدامات نے نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کو خطرے میں ڈالا ہے، طاقت کے ذریعے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو کچلنا ممکن نہیں۔

پاکستان کےوزیر خارجہ نے کہا کہ14 اگست کو وزیر اعظم عمران خان مظفر آباد میں پاکستان کا موقف اس ملک کے زیر انتظام کشمیر کے منتخب نمائندوں کے سامنے رکھیں گے اور پورے پاکستان میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی ہوگا ۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬