25 August 2019 - 19:38
‫نیوز‬ ‫کوڈ‬: 441140
فونت
قائد ملت جعفریہ پاکستان :
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ عید مباہلہ کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ دین حق کی سربلندی اور ترویج کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے ”عیدمباہلہ“ کی مناسبت سے اسلامیان عالم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن خاصان خدا کی طرف سے دین خدا کی صداقت و حقانیت کو ثابت کرنے کے لئے میدان عمل میں آنے کا دن ہے جس کی وجہ سے دین حق سے انکار کرنے والوں کو ذلت و رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

روز مباہلہ پیغمبر گرامی نے اپنے حقیقی جانشینوں کا تعارف کراکے یہ بات رہتی دنیا تک کے لئے واضح کردی کہ اگر سسکتی اور بھٹکتی ہوئی انسانیت کے لئے اگر کوئی نمونہ عمل ہے تو وہ خانواوہ رسالت کے علاوہ کوئی اور نہیں۔

کیونکہ خانوادہ عصمت و طہارت نے اپنے عمل و کردار کے ذریعے دنیائے عالم کی رشد و ہدایت کا سامان فراہم کیا اورمعاشرے میں عدل و انصاف کے قیام اور بدی کی قوتوں کے خلاف اعلان جہاد بلند کرکے بلاتفریق مذہب و مسلک‘ رنگ و نسل ‘ انسانیت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ جس دین کامل کو خدا کے نزدیک پسندیدہ ترین دین قرار دیا گیا ہو اور جس کی ترویج و اشاعت کے لئے رحمت اللعالمین جیسی ہستی نے تکالیف اور مصائب برداشت کئے ہوں اور پھر جس دین کی سچائی کو دنیائے عالم پر واضح کرنے کے لئے رسول خدا اپنے اہل بیت اطہار ؑ کے ہمراہ مباہلے کے لئے نکل پڑے ہوں یہ امر عالم انسانیت کو اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ جلد یا بدیر بالاخر دنیائے عالم کو دین حق کی جانب ہی رخ کرنا پڑے گا کیونکہ دین اسلام ہی بالاخر انسان کی دنیوی و اخروی فلاح او ر نجات کا ضامن ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عید مباہلہ کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہوگی کہ دین حق کی سربلندی اور ترویج کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے اور راہ حق پر عمل پیرا ہوکر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کوبہتر بنانے کی سعی و کوشش کریں گے۔

تبصرہ بھیجیں
نام:
ایمیل:
* ‫نظریہ‬:
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬
تازه ترین خبریں
مقبول خبریں