03 December 2019 - 23:57
News ID: 441708
فونت
لاہور میں؛
علامہ حافظ ریاض حسین نجفی اور مرحوم کے صاحبزادے مولانا علی نقی نقوی نے خطاب میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محسن ملت کی دینی اور ملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، خلوص کے پیکر محسن ملت نے پوری زندگی رضائے الٰہی میں صرف کر دی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے بانی صدر اور مہتمم اعلی ٰجامعتہ المنتظر محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی رحمتہ اللہ علیہ کی 29 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔

جامع علی مسجد جامعہ المنتظر ماڈل ٹاون میں مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی اور مجلس عزا منعقد کی گئی۔

جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حافظ ریاض حسین نجفی اور مرحوم کے صاحبزادے مولانا علی نقی نقوی نے خطاب میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محسن ملت کی دینی اور ملی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، خلوص کے پیکر محسن ملت نے پوری زندگی رضائے الٰہی کی خاطر مدارس دینیہ اور اسلامی مراکز قائم کرنے میں صرف کر دی، ان کے شاگرد پاکستان سمیت دنیا بھر میں دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ان کی طرف سے مدارس دینیہ کا جال بچھایا گیا تھا، جو اسلامی تعلیمات کا مرکز بن کر معاشرے کی ضروریات پوری کر رہے ہیں۔

اس موقع پر علامہ نیاز حسین نقوی، علامہ محمد افضل حیدری، علامہ محمد باقر گھلو اور دیگر علما اور طلبا موجود تھے۔

تقریب سے خطاب میں علامہ سید ریاض نجفی نے کہا کہ علامہ صفدر حسین نجفی رحمتہ اللہ علیہ جیسی شخصیات کم ہی پیدا ہوتی ہیں ۔ بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جو صرف اپنے ادارے ،مدرسے اور مسجدتک تو گرانقدر خدمات سرانجام دیتے اور ان کی اپنی ہمت اور استطاعت انہیں تک محدود رہتی ہے مگر علامہ صفدر نجفی وہ عظیم شخصیت تھے جنہوں نے چالیس سال قبل ملک بھر میں اور بیرون ملک کثیر تعداد میں مدارس دینیہ اور دینی مراکز قائم کئے۔

محسن ملت کے صاحبزادے مولانا علی نقی نقوی نے کہا کہ علامہ صفدر حسین نجفی اخلاص کا پیکر تھے۔ نجف اشرف عراق میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد عملی زندگی سے وابستہ ہوئے تو مختلف شعبوں میں محسن ملت نے عظیم خدمات سرانجام دیں۔ ان کی بنیادی صفت فقط رضائے الٰہی کیلئے کام کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم نے 120 کتب کے مترجم اور تالیف کیں۔ ان کے سینکڑوں شاگرد دنیا بھر میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

بین الاقوامی شہرت کی حامل شخصیت محسن ملت علامہ صفدر حسین نجفی نے اپنی وفات کے بعد فقط ایک مکان اور 500 روپے وراثت میں چھوڑے، جو ان کی اولاد نے جامعہ المنتظر کو عطیہ کر دیئے تھے۔

مولانا علی نقی نقوی نے کہا کہ بعض احباب نے علامہ صفدر حسین نجفی رحمتہ اللہ علیہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اولاد کے مالی حالات بہتر کرنے کیلئے اقدامات کریں تو اس کے جواب میں محسن ملت نے فرمایا تھا کہ انہوں نے اپنی اولاد کی دینی تربیت کردی ہے اگر اس پر چلتے رہے تو اللہ تعالیٰ ان کیلئے بہتر انتظام فرمائے گا اور اگر وہ راہ خدا میں نہ چلے تو مجھے فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔/۹۸۹/ف

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬