02 August 2009 - 14:11
News ID: 79
فونت
جشن مسرت :
رسا نیوز ایجنسی - سرکارسید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے روز ولادت پر منعقد ہونے والی محفل حسینی کی پلاٹینم جوبلی منائی گئی
امام حسين

رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق فرزند رسول الثقلین ، سرکارسید الشہداء حضرت امام حسین علیہ الصلوٰة والسلام کے روز ولادت پر جامعہ ایمانیہ بنارس ھندوستان میں ہر سا ل منعقد ہونے والی محفل حسینی (طرحی بزم مقاصدہ) کے پچھتر برس پورے ہونے پر امسا ل مورخہ ۲ / شعبان المعظم۱۴۳۰ھ مطابق ۲۵ / جولائی ۲۰۰۹ء  کو”پلاٹینم جوبلی “ کے عنوان سے ایک عظیم الشان جشن مسرّت  کا اہتمام کیا گیا، جو سربراہ جامعہ ایمانیہ سرکارعلامہ استاذ الاساتذہ حجةالاسلام والمسلمین مولانا سید محمد صاحب قبلہ حسینی مدّ ظلہ العالی کی سرپرستی میں منعقد ہو ا۔

جشن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہواجس کے فوراً بعد مولوی ظہیر الحسن صاحب (شمس الافاضل) نے دل نشیں انداز میں حمد باری تعالیٰ پیش کی،اس کے بعد طلاب جامعہ کی ایک سہ نفری جماعت نے دلکش آواز میںنہایت منظم طریقے سے نعت رسول اکرم پیش کی۔

اس کے فوراً بعد سرکار سید الشہداء کی سوانح پر مشتمل ایک مقالہ جامعہ کے استاد مولانا محمد باقر صاحب نے پڑھا پھر حجة الاسلام مولانا ممتاز علی صاحب (دہلی) کی معنیٰ خیز تقریر ہوئی۔

اس محفل جشن میں بیرونی و مقامی علماء،شعراء اور مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت فرما کر جوش مسرت کا اظہار کیا۔علماء و فضلاء کہ جنہوں نے اپنے وجود مبارک سے جشن کو  زینت بخشی  ان میں حجةالاسلام مولانا محمود الحسن خاں صاحب( مدیرمدرسہ علمیہ ناصریہ وامام جمعہ جونپور) ،حجةالاسلام مولانا  زہیرقین صاحب(الہ ا باد)، حجةالاسلام مولانا تنویر الحسن صاحب (امام جمعہ غازیپور)،مولانا ذوالفقار حیدر صاحب(شیولی)،مولانا تہذ یب الحسن صاحب(اعظم گڑھ)، حجةالاسلام مولانا غلام باقر خان صاحب، مولانا غضنفر علی صاحب معروفی(استاد جامعہ سلطانیہ)،مولانا رضوان معروفی وغیرہ تھے ،ان حضرات کے علاوہ جامعہ ایمانیہ کے سابق افاضل طلاب کرام نے شریک ہوکر حسن خلوص کا مظاہرہ کیا۔

 منظوم نذرانہ عقیدت پیش کرنے والوں میں طیب کاظمی (لکھنوٴ)، ڈاکٹر محمود محمد آبادی،شعلہ جونپوری،اصغراعجاز(علی گڑھ)،تجسس اعجازی لکھنوی،ڈاکٹر ناظم  جعفری،ڈاکٹر عزیز حیدر،عرفان زنگی پوری،ریحان بنارسی،شان عابدی وغیرہ تھے۔

محفل کے اختتام پر تمام مومنین کے لئے تحفہ کے طور پر اوقات نماز و افطار کا ایک دائمی کیلنڈر و ایک کتابچہ” حق نما “کے نام سے تقسیم کیا گیا۔ یہ کتابچہ تین عنوان پر مشتمل ہے وہ عناوین بالترتیب یہ ہیں(۱)مختصر سوانح سرکار سیدا لشہداء (۲)جامعہ ایمانیہ ماضی و حال کے آئینہ میں(۳)دائمی کیلنڈر ۔  نیز تمام شعراء کو ”صحیفہ ولا“ کے نام سے ایک ڈائری بھی  پیش کی گئی۔

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬