06 November 2009 - 22:13
News ID: 519
فونت
قائد انقلاب اسلامی کی امیر قطر شیخ خلیفہ بن حمد آل ثانی سے ملاقات :
رسا نیوز ایجنسی ـ قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے جمعرات کی شام امیر قطر شیخ خلیفہ بن حمد آل ثانی سے ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران اور قطر کے تعلقات کو خلیج فارس کے علاقے میں مثالی تعلقات سے تعبیر کیا ۔
قائد انقلاب اسلامي

 

رسا نیوز ایجنسی کا قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے خبر رسا سائٹ سے منقول رپورٹ کے مطابق ، قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے جمعرات کی شام امیر قطر شیخ خلیفہ بن حمد آل ثانی سے ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران اور قطر کے تعلقات کو خلیج فارس کے علاقے میں مثالی تعلقات سے تعبیر کیا اور فرمایا: خلیج فارس کا علاقہ، خطے کے ممالک کے باہمی تعاون سے پر امن و آباد اور تعاون کے لئے سازگار علاقہ بنا دیا جانا چاہئے۔


قائد انقلاب اسلامی نے اس سلسلے میں اغیار کی رخنہ اندازیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا : علاقے کے تمام ملکوں کو یہ کوشش کرنا چاہئے کہ اغیار کے عزائم پورے نہ ہوں۔


آپ نے تینتیس روزہ جنگ لبنان اور بائیس روزہ جنگ غزہ اور بعد میں پیش آنے والے مسائل کے سلسلے میں قطر اور اس ملک کے حاکم کے موقف کی قدردانی کرتے ہوئے فرمایا: غزہ اور لبنان کے معاملے میں توقع یہ تھی کہ عرب حکومتیں لبنان اور غزہ کے با ایمان جوانوں کے اپنے دفاع میں حق بجانب ہونے اور اسلامی و عرب تشخص کے پیش نظر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوں گی لیکن بد قسمتی سے عرب حکومتوں نے اچھا موقف اختیار نہیں کیا۔


قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ایران اور قطر کے ما بین بہترین سیاسی روابط اور بہت سے امور میں دونوں ملکوں کے موقف کی یکسانیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: اقتصادی روابط کے سلسلے میں بھی زیادہ کوشش کی جانی چاہئے تاکہ تعاون کی سطح مزید وسیع تر ہو۔


قائد انقلاب اسلامی نے قطر اور اسلامی جمہوریہ ایران کے تعلقات میں روز افزوں وسعت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: دونوں ملکوں کی قربت کی وجوہات میں ایک اہم وجہ مسلم امہ اور علاقے کے عوام کے لئے مشترکہ دشمنوں کا وجود ہے۔


قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا: دشمن بنیادی امور کو حاشئے پر ڈال کر فروعی باتوں کو بنیادی مسائل کی حیثیت سے اٹھاتے ہیں اور خاص ٹیکٹک کے ذریعے ایک ایک کرکے اسلامی ممالک کی جانب بڑھ رہے ہیں بنابریں علاقے کے تمام ملکوں کو چاہئے کہ اس مسئلے کو گہرائی سے سمجھیں اور اپنے تعاون کو بڑھائیں۔


اس ملاقات میں جس میں پروٹوکول کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد بھی موجود تھے، امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے قائد انقلاب اسلامی سے اپنی ملاقات پر بڑی مسرت ظاہر کی اور بہت سے اسلامی و عرب معاملات بالخصوص مسئلہ فلسطین کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی تعریف کی۔


انہوں نے ایران اور قطر کے تاریخی رشتوں اور متعدد امور میں دونوں ملکوں کے مشترکہ موقف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے تمام ملکوں کو چاہئے کہ باہر سے پھیلائی جا رہی تفرقہ انگیزیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور اس علاقے میں امن و ثبات اور وسیع تعاون کی زمین ہموار کریں۔


امیر قطر نے صدر ایران ڈاکٹر احمدی نژاد سے اپنے مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایران اور قطر کے روابط بالخصوص اقتصادی شعبے میں زیادہ سے زیادہ فروغ پائیں گے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬