30 November 2009 - 16:16
News ID: 626
فونت
ھندوستان میں عیدالاضحی :
رسا نیوز ایجنسی ـ ھندوستان کے تمام شھروں میں عیدالاضحی کی نماز عدا کی گئی اور لوگوں نے قربانی کر کے خدا کے حکم کی تعمیل کی ۔
عيد الاضحي

 

رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر کے مطابق ، عیدالاضحی کے موقع پر ھندوستان کے دینی اور سیاسی راھنما نے مسلمانوں کی خدمت میں مبارک باد پیش کیا اور اس مبارک دن کو لوگوں کے لئے ایثار اور قربانی کے جذبوں کو رائج کرنے کی بات کی  ۔


عیدالاضحی کے موقع پر ہندوستان کی صدرجمہوریہ پرتبھا دیوی سنگھ پاٹل نے ملک کے عوام کو مبارک باد دی ہے ۔


صدر پرتیبھاپاٹل نے اپنے پیغام میں کہا : عیدالاضحی کے اس مبارک موقع پر تمام شہریوں کو مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں ۔ محترمہ پاٹل نے کہا کہ میری دلی تمنا ہے کہ یہ تہوار ہماری گنگا جمنی تہذیب کو بڑھاوا دینے والا ہو ۔


انھوں نے کہا : گنگا جمنی تہذیب ہمارے ملک کو مستحکم کرے اور ہم اور تمام لوگوں کو فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے کی تحریک دے ۔


نائب صدرجمہوریہ حامد انصاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحی ایثار اور محبت کا تہوار ہے  جو پورے ملک میں امن و سلامتی قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے ماحول کو فروغ دیتا ہے ۔


محترم حامد انصاری نے کہا : عید کی خوشیوں میں ہمیں محروم ، ضرورتمند اور حاجت مند لوگوں کا خاص خیال رکھنا چاہئے ۔


اس کے علاوہ یو۔پی۔اے کی چیئرپرسن محترمہ سونیا گاندھی نے ملک کو عیدالاضحی کی مبارک باد پیش کی ۔


وزیر اعظم منموہن سنگھ نے بھی پورٹ آف اسپین سے قوم کو عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا : عیدالاضحی کے موقع پر قومی اتحاد مضبوط ہوگا قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا ۔


ریاست اترپردیش کے گورنر بی ایل جوشی اور وزیر اعلیٰ محترمہ مایا وتی نے ریاست کے عوام کو خصوصاً فرزندانِ توحید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کی خوشحالی و ترقی کے لئے اپنے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔


امام جمعہ لکھنؤ حجة الاسلام مولانا سید کلب جواد نقوی نے مسجد آصفی میں عیدالاضحی کے خطبہ میں حج کی فضیلت اور حج کے ثواب کو بیان کرتے ہوئے کہا : جس پر حج واجب ہے وہ اس فریضہ کو ادا کرنے میں کوتاہی نہ برتے ۔


مولانا کلب جواد نے کہا : حضرت ابراہیم علیہ السلام نے خدا کی بارگاہ میں اپنا ہدیۂ قربانی پیش کیا تو خدا کو جناب ابراہیم کا ہدیۂ قربانی اتنا پسند آیا کہ اس نے اس قربانی کو پسند کر لیا اور ارکان حج میں شامل کردیا ۔


خطیب امام جمعہ نے کہا : خدا کی بارگاہ میں کوئی بھی قربانی خلوصِ نیت سے پیش کی جاتی ہے تو وہ ضائع نہیں ہوتی اور خدا اس کا اجر عطا کرتا ہے ۔

اس کے علاوہ شہر کی تمام مساجد میں عیدالاضحی کی نماز ادا کی گئی ۔


عیش باغ ، عیدگاہ میں مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے عیدالاضحی کی نماز ادا کرائی اور اپنے خطبہ میں کہا کہ عیدالاضحی قربانی اور ایثار کی عظیم مثال ہے ۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬