30 March 2010 - 17:48
News ID: 1122
فونت
قائد انقلاب اسلامی:
رسا نیوزایجنسی – قائد انقلاب اسلامی نے ملک کے بڑے صنعتی مرکز کا معائنہ کیا اوراس کے اھل کاروں سے ملاقات میں صنعتی شعبے کی تیز ترقی پر تاکید کی.
قائد انقلاب اسلامي

 

رسا نیوزایجسنی کی رھبر معظم کی خبر رساں سائٹ سے منقولہ رپورٹ کے مطابق ، قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے پیر کی صبح ملک کے ایک بڑے صنعتی مرکز کا معائنہ کرکے ملک کی صنعتی ترقی و توانائی خاص طور پر انجن اور گاڑیوں کی صنعت میں ہونے والی پیشرفت کے نمونوں کو قریب سے دیکھا.


تقریبا تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اس معائنے میں صنعت و معدنیات کے شعبے کے عہدیداران اور وزیر بھی قائد انقلاب اسلامی کے ساتھ تھے جبکہ مختلف شعبوں کے ماہرین اپنے اپنے شعبے کی تفصیلات بتا رہے تھے.

نیشنل انجن پروڈکشن بیلٹ کا بھی قائد انقلاب اسلامی نے نزدیک سے مشاہدہ کیا جہاں اس انجن کے مختلف پرزوں کی پیداوار اور ان کے ٹیسٹ کے طریقوں کو آپ نے دیکھا.

قومی ڈیزل انجن بھی اس موقع پر پیش کی جانے والے اہم مصنوعات میں تھا.

اس شعبے میں مقامی طور پر تیار کئے گئے پہلے بھاری ڈیزل انجن کی نمائش کی گئی? یہ انجن ریل گاڑیوں، پانی کے جہازوں، بجلی گھروں اور دیگر صنعتی شعبوں میں بڑی اہم کارکردگی کا حامل ہے.

یہ انجن یونیورسٹیوں کے تحقیقاتی مراکز کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے.

اس موقع پر ایسے پروجیکٹ بھی دکھائے گئے جن پر کام ہو رہا ہے اور انہی میں سے ایک پروجیکٹ ڈیزل اور گیس دونوں سے چلنے والے انجن کی پیداوار سے متعلق تھا? نمائش کے لئے دوسرے بھی متعدد اقسام کے انجن رکھے گئے تھے.

قائد انقلاب اسلامی نے مقامی طور پر تیار کئے گئے کاروں کے کچھ نئے ماڈلوں کا بھی معائنہ کیا?
مختلف حصوں کا معائنہ کرنے کے بعد قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے ملک کے شعبہ صنعت و معدنیات کے عہدیداروں اور ماہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایران کی سربلندی میں صنعتی ترقی و خود انحصاری کی خاص اہمیت پر روشنی ڈالی اور صنعتی اور دیگر میدانوں میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن قرار دیا اور فرمایا : ملک کی صنعت کے شعبے میں اہم پیشرفت کے باوجود دگنی محنت کے ذریعے، علم و دانش کی بنیاد پر اور ملکی مصنوعات کو اور بھی معیاری بنا کر صنعتی شعبے میں ایک انقلاب پیدا کر دینے کی ضرورت ہے.

آپ نے صنعتی شعبے کے اپنے اس معائنے کو ملک کی ترقی میں صنعت کی اہمیت پر خاص تاکید کی علامت قرار دیا اور فرمایا : بہت پہلے سے ایک غلطفہمی یہ تھی کہ ترقی یافتہ زندگی اور دینی و روحانی و اخلاقی اقدار کی پاسداری میں منافات اور تضاد ہے لیکن اسلامی جمہوریہ ایران نے اس غلطفہمی کو دور کر دیا.

قائد انقلاب اسلامی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ دین اسلام علم و روحانیت کا دین ہے فرمایا کہ ہم ترقی و پیشرفت کے ساتھ ایک منطقی اور معقول زندگی بھی بسر کر سکتے ہیں اور اس کے ساتھ ہی اخلاقی اقدار اور دینی فرائض کے بھی پابند رہ سکتے ہیں.


قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا : صنعتی شعبے کے عہدیداروں اور صنعت کاروں کو اس حقیقت کا مجسم نمونہ ہونا چاہئے? آپ نے فرمایا کہ موجودہ پیشرفت در حقیقت آغاز سفر ہے ہمیں برق رفتاری سے آگے بڑھتے ہوئے تمام صنعتی شعبوں میں خود انحصاری کی منزل پر پہنچنا اور ایرانی فکر و نظر اور ابتکار عمل پر تکیہ کرنا ہے.

قائد انقلاب اسلامی نے مختلف صنعتی شعبوں میں خود کفائی اور ترقی کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے پاس موجود صلاحیتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ عظیم تہذیب اور تاریخ کا ورثہ، موجودہ عوامی بیداری، نوجوانوں کی آمادگی اور ایرانی قوم کی صلاحیتوں اور دانشمندی کا تقاضا عالم اسلامی میں ایران کی صنعتی پیشرفت ہے جس کا عالم اسلام یقینا خیر مقدم کرے گا.

قائد انقلاب اسلامی نے صنعت بالخصوص گاڑیوں کی پیداوار کے سلسلے میں بعض اہم ترین نکات کی جانب اشارہ کیا? ایک نکتہ یہ تھا کہ تجارتی پالیسیاں اس طرح تیار کی جائیں کہ غیر ملکی مصنوعات کی بے تحاشہ درآمد کو روکا جا سکے.

آپ نے فرمایا کہ فراوانی اور چیزوں کا سستا ہونا اچھی چیز ہے لیکن اس سے زیادہ اہم بات مقامی صنعت کی ترقی ہے لہذا غیر معقول وجوہات کی بناپر غیر ملکی مصنوعات کی درآمد کا راستہ نہیں کھولنا چاہئے.

آپ نے گاڑیوں کے امپورٹ کی پالیسی اور اس سلسلے میں کئے گئے بعض فیصلوں پر تنقید کرتے ہوئے فرمایا کہ امپورٹ کے لئے عام طور پر جو دلیل پیش کی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ اس طرح ملکی مصنوعات کا معیار بھی اچھا ہو جائے گا لیکن اس کے لئے دوسرے بہتر راستے بھی موجود ہیں جن میں ایک راستہ یہی ہے کہ ملکی مصنوعات کو اعلی معیاروں کے مطابق بنانے کے لئے ضوابط اور پالیسیاں وضع کی جائیں.

قائد انقلاب اسلامی نے صنعتی شعبے میں علم و دانش اور تحقیق کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ صنعت اور یونیورسٹیوں کو آپس میں جوڑنے کا معاملہ بہت اہم ہے، ان دونوں کے درمیان بہت مستحکم رابطہ ہونا چاہئے تاکہ مطلوبہ صنعتی ترقی حاصل ہو سکے.

قائد انقلاب اسلامی نے صنعتی مصنوعات کی برآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ تمام صنعتی شعبوں کو چاہئے کہ ایکسپورٹ کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی مصنوعات تیار کریں اور حکومت کو بھی چاہئے کہ مربوط اور فنکارانہ محنت کرکے ایکسپورٹ کو مطلوبہ مقام پر پہنچائے.

آپ نے ماحولیات کی حفاظت کے سلسلے میں اسلام کے نقطہ نگاہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صنعتی مصنوعات اور خاص طور پر گاڑیوں کی پیداوار میں ماحولیات سے متعلق معیاروں کو ملحوظ رکھنے کی ضروری قرار دیا اور فرمایا کہ صنعتی ترقی حاصل کرنے کے سلسلے میں کبھی بھی محنت و مشقت میں کوئی کمی نہیں کرنا چاہئے کیونکہ ملک اور قوم کا مستقبل صنعتی شعبے کے عہدہ داروں اور ماہرین کی جدت عمل، دانشمندی اور بے تکان محنت پر منحصر ہے

قائد انقلاب اسلامی نے ایرانیوں کی عقل و دانشمندی اور اعلی صلاحیت کے ساتھ بلا وقفہ محنت کو برق رفتار ترقی کی تمہید قرار دیا اور فرمایا کہ اس وقت نوجوانوں کی بلند ہمتی، جدت عمل، تخلیقی صلاحیت اور خود اعتمادی کے نتیجے میں ایران مختلف میدانوں میں دنیا کے معدودے چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے، یہ عمل مزید سرعت کے ساتھ مسلسل جاری رہنا چاہئے.

قائد انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل وزیر صنعت و معدنیات جناب محرابیان نے ملک کے صنعت و معدنیات کے شعبے کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں لوہا، ایلمونیم، تانبہ، سیمنٹ اور گاڑیوں کی پیداوار میں قابل قدر اضافہ ہوا ہے اور ساتھ ہی ان اشیاء کی پیداوار کے سلسلے میں ایران کی عالمی پوزیشن میں بھی بہتری آئی ہے.

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬