26 April 2010 - 14:50
News ID: 1241
فونت
قائد انقلاب اسلامی کا پولیس افسران سے خطاب میں ؛
رسا نیوز ایجنسی ـ قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج وزیر داخلہ اور پولیس فورس کے اعلی افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی ۔
قائد انقلاب اسلامي

 

رسا نیوز ایجنسی کا قائد انقلاب اسلامی خبر رساں سائٹ سے منقول رپورٹ کے مطابق قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آج وزیر داخلہ اور پولیس فورس کے اعلی افسران اور اہلکاروں سے ملاقات میں مسلح فورسز کے درمیان محکمہ پولیس کے فرائض کو بے حد حساس، سنگین اور ساتھ ہی ساتھ بہت نازک قرار دیا اور فرمایا کہ پولیس فورس کو چاہئے کہ اپنی ہیبت کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کے ساتھ اپنی انسیت اور قربت کو بھی بنائے رکھے اور ان دونوں اہم خصوصیات کو ایک دوسرے سے الگ نہیں ہونے دینا چاہئےـ

قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ان دونوں صفات کو برقرار رکھنے کے لئے تدبر اور منصوبہ بندی کی ضرورت ہے لہذا پولیس فورس کو چاہئے کہ درست منصوبہ بندی کے ساتھ ان دونوں خصوصیات کو ایسی حالت میں پہنچا دے کہ ان کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکے تاکہ اس کی بنیاد پر مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائےـ

قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے پولیس فورس کی سرگرمیوں کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے دیگر ذمہ دار محکموں سے ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ وزارت داخلہ اسی طرح اس کے ماتحت اداروں بالخصوص قومی سلامتی کونسل کے ساتھ پولیس کی ہم آہنگی بہت ضروری ہے۔

قائد انقلاب اسلامی نے گزشتہ سال پیش آنے والے تلخ واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ان واقعات میں، جن میں فتنہ گروں کے اقدامات سے عوام کو بہت تلخ تجربہ ہوا اور اللہ تعالی کے لطف و کرم سے قوم سرانجام غالب آئی، جہاں جہاں بھی ذمہ دار محکموں نے ہم آہنگی اور ہوشیاری کے ساتھ عمل کیا اچھے نتائچ برآمد ہوئے۔

قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ پولیس فورس کی ذمہ داری نظم و نسق کی گڑبڑی، آشوب، اسمگلنگ، چوری، بد امنی اور منشیات جیسی بد عنوانیوں کا مقابلہ کرنا ہے اور بد عنوانی سے مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ مقابلہ کرنے والے محکمے کے اندر ذرہ برابر بھی بد عنوانی موجود نہ ہو۔

قائد انقلاب اسلامی نے جملہ مسائل سے واقفیت کو پولیس فورس کی اہم ضرورت قرار دیا اور فرمایا کہ اگر یہ آگاہی اور واقفیت ہوگی تو مجرموں کے خلاف کارروائی کے دوران بے گناہ افراد کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔

قائد انقلاب اسلامی نے مجرمین کے مقابلے کے سلسلے میں پولیس کے کردار کی نزاکت اور ظرافت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ دیگر مسلح فورسز کے برخلاف پولیس کا مقابلہ کھلے ہوئے دشمن سے نہیں ہے بلکہ جرائم پیشہ افراد عام لوگوں کے درمیان موجود ہیں اور پولیس کو ماہر جراح کی طرح سرطانی رسولیوں کو اس طرح باہر نکالنا ہے کہ جسم کے دیگر اعضاء کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

قائد انقلاب اسلامی نے عوام کے ساتھ دوستانہ اور مناسب برتاؤ کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ عوام کے سامنے پولیس کی ہیبت و جلالت کو برقرار رکھنا ضروری ہے لیکن اس کے ساتھ عوام کا احترام بھی واجب ہے اور یہ دونوں چیزیں ایک دوسرے کے ساتھ رہنی چاہئے۔

قائد انقلاب اسلامی نے پولیس فورس کو سماجی برائیوں سے سختی سے نمٹنے کی سفارش کی اور فرمایا کہ شخصی اور سماجی و سیاسی بد عنوانیوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرنا چاہئے۔

 

 

 

 

 

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬