15 January 2015 - 22:06
News ID: 7693
فونت
جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات پاکستان :
رسا نیوز ایجنسی ـ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات پاکستان کی جانب سے سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد فیصل آباد میں کیا گیا ۔
جعفريہ اسٹوڈينٹس آرگنائزيشن جعفريہ اسٹوڈنٹس آرگنائزيشن


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن طالبات پاکستان کی  جانب سے سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد فیصل آباد میں کیا گیا ۔ کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری حجت الاسلام عارف حسین واحدی، شیعہ علماء کونسل پاکستان پنجاب کے صوبائی صدر حجت الاسلام مظہر عباس علوی ،جعفریہ یوتھ کے ناظم اعلیٰ سید اظہار بخاری، اور جے ایس او طالبات پاکستان کی آرگنائزر خواہرسدرہ نقوی نے شرکت کی۔

پروگرام کی ابتداء تلاوت قرآن کریم سے کی گئی ،تلاوت قرآن کریم کا شرف خواہر مبشرہ بتول نے حاصل کیا ۔ بعد ازاں خواہر مریم زہراء علوی نے اپنی خوبصورت آواز میں حمد باری تعالیٰ پیش کی۔ نعت رسول مقبول کا شرف خواہر فروا بتول اور فضہ بتول کو حاصل ہوا۔جبکہ خواہر نجیعہ زہرا نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئیے۔

حجت الاسلام عارف واحدی نے اپنے خطاب میں سیرت صادقین پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا : جے ایس او طالبات ایک الٰہی تنظیم ہے اور اس کا نصب العین تعلیمات اسلامی کی روشنی میں طالبات کی زندگیوں کو سنوارنا ہے۔ لہٰذا سیرت معصومین سے ملت کی بیٹیوں کی کردار سازی کی جائے۔

اس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ پنجاب کے صوبائی صدر حجت الاسلام مظہر عباس علوی نے فرمایا : سیر ت النبیؐ کے مطالعہ میں ہمیں خواتین کی جدوجہد خصوصاً جباب زہراسلام اللہ علیھا کا خاص کردار نظر آتا ہے کہ کس طرح وہ اپنے والد کی مددگار بنیں۔ لہٰذا جے ایس او طالبات انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اہم کردار ادا کریں۔

اس موقع پر جے ایس او طالبات پاکستان کی مرکزی سرپرست نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا : جے ایس او طالبات اپنے اہداف کی تکمیل کے لیے تیزی سے سرگرم ہے۔ سیر النبی سیمینار کا اہتمام کرکے ہم رسول گرامی قدر کی زندگی سے مشعل راہ لیتے ہوئے اپنے اس سفر کا آغاز کررہے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم قائد ملت اسلامیہ حجت الاسلام سید ساجدعلی نقوی کی زیر سرپرستی کام کررہے ہیں۔ اور انشاء اللہ بہت جلد جے ایس او طالبات پورے ملک میں اپنے یونٹ سازی کو مکمل کر لے گی۔

انہوں نے بیان کیا : یہ خواتین ہی ہیں جو ایک اچھا معاشرہ بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ لہٰذا اگر ان کی تربیت کر دی جائے تو پورا معاشرہ تربیت یافتہ ہو سکتا ہے۔ کیونکہ آج کی بیٹی کو کل کی ماں بننا ہوتا ہے۔ ماں بن کے اس نے کئی افراد کی تربیت کرنا ہوتی ہے ۔لہٰذا اسی عورت کی تربیت ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ اور ہم اس کے لیے اپنے دن رات ایک کر دیں گے اور انشاء اللہ ملک و قوم کو پڑھی لکھی اور باکردار مائیں دیں گے۔

سیدہ سدرہ نقوی نے مزید کہا : وہ قومیں ذلت کی گہرائیوں میں گر جاتی ہیں جہاں عورت کی تربیت نہیں کی جاتی اور اس لحاظ سے ہمارے سامنے یورپ کی مثال واضح ہے کہ جہاں آزادی نسواں کے پرفریب نعرے کے زریعے سے عورت کی ذلت و رسوائی کا سامان کیا گیا ہے۔ آج ظاہراً تو وہ قومیں ترقی یافتہ ہیں لیکن اخلاقاً انتہائی پستی کو وہ چھو رہی ہیں۔ ہم  ملک عزیز میں اس طرح کے کلچر کو فروغ نہیں پانے دیں گے اور اس کی بیخ کنی کریں گے۔

سیرت النبی کانفرنس کو کامیاب بنانے میں خواہر شجیعہ زہرا علوی(ڈویژنل آرنگائزر فیصل آباد)، خواہر سعدیہ بتول، خواہر مبشرہ بتول، خواہر ندا زہرا، خواہر طلعت نقوی، اور خواہر نجیعہ علوی(صدر ملت ٹاؤن یونٹ)،خواہر ثمن بتول(صدر رضا آباد یونٹ)،خواہر زہرا بتول(صدر کمال پور یونٹ)،خواہر عاصمہ بخاری(نائب صدر کمال پور یونٹ)،خواہرثمرین فاطمہ(جنرل سیکرٹری کمال پور یونٹ)، خواہر اقراء بتول، خواہر طیبہ زینب، خواہر ردا زہرا،خواہر نبیحا فاطمہ، خواہر ابریحہ فاطمہ خواہر انبساط فاطمہ، خواہرتعظیم فاطمہ، خواہرسبیکہ بتول، خواہرردا فاطمہ، خواہرحنا بتول، خواہرثانیہ بتول، خواہرردا زینب، خواہرثنا زینب، خواہرسارہ زینب، خواہروفا زہراء ، خواہرزینب اختر، خواہرمریم زہرا علوی، خواہرمعصومہ زینب علوی نے دن رات محنت کی۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬