25 October 2015 - 17:25
News ID: 8604
فونت
قائد ملت جعفریہ پاکستان :
رسا نیوز ایجنسی ـ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے گذشتہ روز فورتھ شیڈول کے معاملے کو ایس ایچ او کے سپرد کرنے کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا : اب پُرامن شہریوں کو ایک تھانہ کے ایس ایچ او کے رحم و کرم پر چھوڑا جارہا ہے ۔
قائد ملت جعفريہ پاکستان


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے گذشتہ روز فورتھ شیڈول کے معاملے کو ایس ایچ او کے سپرد کرنے کی خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا : اب پُرامن شہریوں کو ایک تھانہ کے ایس ایچ او کے رحم و کرم پر چھوڑا جارہا ہے ۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : وہ جسے چاہے ، جب چاہے کسی بھی پُر امن شہری کیخلاف فورتھ شیڈول لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کرئے گا تو وہ شریف شہری دہشت گردوں کی لسٹ ( فورتھ شیڈول ) میں شامل کر دیا جائیگا جو نہ صرف شہری آزادیوں اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہوگی بلکہ اس عمل سے عوام کے ذہنوں میں ایس ایچ اوز کے بے جا اختیارات کے ناجائز استعمال کرنے کے متعلق تحفظات بڑھنے سمیت محکمہ کے خلاف نفرتیں جنم لیں گی اور ملک میں قانون کے ناجائز استعمال کے رحجان کاایک نیا سلسلہ شروع ہو جائیگا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے بیان کیا : سیاسی و بااثر افراد جنہوں نے پہلے ہی تھانوں میں اپنی مرضی کے ایس ایچ اوز تعینات کرائے ہوئے ہوتے ہیں مزید مضبوط ہو جائیں گے اور انہیں اپنے سیاسی مخالفین کو ہراسا ں کرنے کا مزید ایک اور موثر ہتھیار مل جائے گا اور وہ افراد جن کا دہشت گردی سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں جو اس ملک کے وفادار اور پُرامن شہر ی ہیں، جن کے خاندانوں نے ملکی استحکام کی خاطرقربانیاں دیں وہ اس قانون کے ناجائز استعمال کا نشانہ بنیں گے اوران عزت دار شریف لوگوں کی عزتیں بھی محفوظ نہیں رہیں گی۔

انہوں نے کہا : اس سے قبل بعض اداروں کے ذریعے پر امن شہریوں کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت رپورٹس کی بنیاد پرمختلف مقدمات میں ملوث کر کے ان کے خاندانوں کو رسوا اور ان کی زندگیوں کو تلخ کیا جارہا ہے ان کو فورتھ شیڈول لسٹ میں ڈال کر انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔

سید ساجد علی نقوی نے وضاحت کیا : ہمارے مشاہدے میں ہے کہ توازن کی بے رحمانہ پالیسی کے تحت شریف ، مہذب اور قانون پسند شہریوں کی تذلیل کی جا رہی ہے جس سے ان کی زندگیاں تلخ اور خاندان شدید متاثر ہو رہے ہیں، ایس ایچ اوز کو اختیارات دینے کے بعد ان کی جانب سے بھی اختیارات کے غلط استعمال کا خدشہ بڑھ جائیگا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا : مزید برآں مشاہدے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسی بھی شخص کو من گھڑت رپورٹس تیار کرکے فورتھ شیڈول لسٹ میں ڈالنا تو بہت آسان ہے لیکن بے قصور شہریوں کا فورتھ شیڈول لسٹ سے باہر نکالنا نہایت ہی مشکل اور تکلیف دہ عمل ہے جسے آسان بنانے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا : ہم نے نیشنل ایکشن پلان کی حمایت کی ہے لیکن اسکی آڑ میں پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں شیعہ عوام کے ساتھ امتیازی سلوک دیکھنے میں آرہا ہے جو ناقابل قبول ہے ۔

حجت الاسلام ساجد نقوی نے تاکید کرتے ہوئے کہا : انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کمزوریوں کو چھپانے کیلئے اس قانون کا ناجائز استعمال اور اختیارات سے تجاوز بند کریں اور انتظامیہ کی جانب سے اس اختیار و قانون کا استعمال صرف اور صرف دہشت گردوں اور ملک کا امن تباہ کرنے والوں کے خلاف ہو نا چاہیے نہ کہ پُرامن اور محب وطن شہریوں کے خلاف ۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬