19 September 2016 - 23:23
News ID: 423331
فونت
ہندوستانی وزیر داخلہ:
ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا : پاکستان کی جانب سے دہشتگردوں اور دہشتگرد تنظیموں کی مسلسل اور براہ راست حمایت سے میں شدید مایوسی کا شکار ہوں۔
ہندوستانی وزیر داخلہ

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اوڑی کشمیر میں ہندوستانی فوجی مرکز پر حملے کے بعد پاکستان کے خلاف سخت موقف اپناتے ہوئے ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اس حملے کے بعد پاکستان پر الزامات عائد کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا : پاکستان ایک دہشتگرد ریاست ہے اسے پہچانا جانا چاہیے اور اسے تنہا کر دینا چاہیے۔

ہندوستانی وزیر داخلہ نے پر انتہائی سخت الفاظ میں مزید الزامات کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کے واضح شواہد موجود ہیں کہ حملہ آور بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے اور وہ انتہائی تربیت یافتہ تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا ’’پاکستان کی جانب سے دہشتگردوں اور دہشتگرد تنظیموں کی مسلسل اور براہ راست حمایت سے  میں شدید مایوسی کا شکار ہوں‘‘۔

راج ناتھ سنگھ نے اپنے پیغام میں مزید کہا ’’میں نے حملے کے بعد اپنی رہائشگاہ پر ہونے والے ہنگامی اجلاس کے حوالے سے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو آگاہ کردیا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ حملہ میں ملوث لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

اس سے قبل راجناتھ سنگھ نے اوڑی حملوں کے بعد اپنا دورہ روس و امریکہ اچانک منسوخ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی۔ راجناتھ سنگھ نے ریاستی گورنر اور ریاستی وزیراعلیٰ سے بھی بات کی اور ان سے حملہ کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔

ہندوستانی وزیر داخلہ آج رات روس کے چار روزہ دورہ پر روانہ ہونے والے تھے جہاں سے انہیں 26 ستمبر کو امریکہ کے 6 روزہ دورہ پر روانہ ہونا تھا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ’’جموں و کشمیر کی صورتحال اور اوڑی حملہ کو دھیان میں رکھتے ہوئے میں نے اپنا روس اور امریکہ کا دورہ ملتوی کردیا ہے‘‘۔

راجناتھ سنگھ نے کہا کہ انہوں نے گورنر این این ووہرا اور مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے بات کرکے حملہ کے بعد کی صورتحال پر ان سے تبادلہ خیال کیا اور دونوں نے انہیں ریاست کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

بعد ازاں وزیر داخلہ نے ایک ہنگامی میٹنگ اپنے گھر پر طلب کی جس میں اوڑی حملہ کی مابعد صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

میٹنگ میں قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوول، مرکزی داخلہ سیکریٹری راجیو مہریشی، مرکزی دفاعی سیکریٹری جی موہن کمار، فوج و نیم فوجی دستوں کے اعلیٰ حکام کے علاوہ را اور انٹیلی جنس بیو رو سمیت ملٹری انٹیلی جنس کے سربراہان اور ڈی جی ملٹری آپریشنز نے شرکت کی۔

میٹنگ میں ریاست کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے علاوہ سیکورٹی فورسز کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں سرگرم عسکری پسندوں کے خلاف ہمہ گیر آپریشن شروع کریں۔/۹۸۹/۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬