20 September 2016 - 08:07
News ID: 423344
فونت
مجلس وحدت مسلمین پاکستان:
اگر حکومت نے عزاداری اور عزاداروں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو محرم الحرام پھر امام بارگاہوں میں نہیں بلکہ سڑکوں پر ہوگا۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کی صوبائی شوریٰ کا اجلاس صوبائی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام اقتدار حسین کی زیرصدارت جامع مسجد الحسین نیو ملتان میں منعقد ہوا،

اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی معاون سیکرٹری تنظیم سازی حجت الاسلام اصغر عسکری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے ۱۳ اضلاع کے سیکرٹری جنرل نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزاداری کی مجالس اور جلوس ہائے عزا پر حکومت کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کی شدید مذمت کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما حجت الاسلام اصغر عسکری نے کہا : محرم الحرام اور کربلا امن، رواداری اور باہمی محبت کا درس دیتی ہے، ان ایام میں حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ عزاداری کے پروگراموں کو پُرامن بنانے میں عزاداران اور بانیان مجالس کے ساتھ تعاون کرے، حکومت اپنے من پسند افراد کو امن کمیٹیوں میں نامزد کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، یہ روش قابل قبول نہیں۔

انہوں نے مزید کہا : ہم واضح کرتے ہیں عزاداری سیدالشہداء پر عائد کسی بھی پابندی کو برداشت نہیں کریں گے، آئین پاکستان کے مطابق ملک میں موجود تمام مسالک کے افراد کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کا حق حاصل ہے، پاکستان جیسے اسلامی ملک میں میوزک کنسرٹ کرنے کے لئے حکومت سے کسی قسم کی اجازت لینے کی ضرورت نہیں، لیکن محسن اسلام حضرت امام حسین کا ذکر کرنے کے لئے حکومت سے اجازت لینی ضروری قرار دیا گیا ہے، جسے ہم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

 عزاداری سیدالشہداء ہمارا آئینی اور قانونی حق ہے، کسی بھی حکمران یا ظالم کو اسے چھیننے کا حق نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا : محرم سے قبل انتظامیہ کی طرف سے خواہ مخواہ خوف کی فضاء پیدا کی جاتی ہے جو کہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔

اجلاس سے صوبائی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام اقتدار حسین نقوی نے کہا : جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں مجلس وحدت مسلمین کے وفود مقامی انتظامیہ، ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز سے ملاقات کریں گے اور مختلف علاقوں میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے بیان کیا : اس محرم میں ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت عزاداری کے خلاف سازشیں نہیں کرے گی اور اگر حکومت نے عزاداری اور عزاداروں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو محرم الحرام پھر امام بارگاہوں میں نہیں بلکہ سڑکوں پر ہوگا۔

اجلاس سے ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی، محمد اصغر تقی، سید عدیل عباس زیدی، انجینیئر مہر سخاوت علی، سید فرخ شمسی، علی رضاطوری اور صوبائی ترجمان ثقلین نقوی نے خطاب کیا۔/۹۸۹/۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬