30 October 2016 - 23:10
News ID: 424157
فونت
جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ:
معصوم نقوی نے کہا : چودھری نثار علی خان تکفیری گروہ اور کالعدم تنظیموں کے سرپرست کے طور پر سامنے آئے ہیں، جنہوں نے کالعدم تنظیم کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دی ۔
معصوم نقوی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہلسنت پیر معصوم نقوی نے حکومت کی طرف سے تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں اور پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید نے ثابت کیا ہے کہ وہ حکومت کیلئے درد سر بن چکے ہیں اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں، جنہوں نے حکومتی ایجنسیوں اور پولیس کی آنکھوں میں ایسی دھول جھونکی کہ حکمران ہاتھ ہی ملتے رہے اور وہ کمیٹی چوک پہنچ گئے۔

لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور میاں نواز شریف کے تو ہاتھ پاوں پھول چکے ہیں، انہیں اب گیس کنکشن کے اعلانات اور جلسے بھی نہیں بچا سکتے، ان کے پاس واحد حل لوٹی دولت واپس کرنے اور پاناما لیکس پر تحقیقات کیلئے اپوزیشن کی شرائط کے مطابق کمیشن کی تشکیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ چودھری نثار علی خان تکفیری گروہ اور کالعدم تنظیموں کے سرپرست کے طور پر سامنے آئے ہیں، جنہوں نے کالعدم تنظیم کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جہاں انہوں نے ایک مکتبہ فکر کیخلاف غلیظ زبان استعمال کی، مگر اس پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس سے واضح ہوگیا ہے کہ حکومت کالعدم تنظیموں اور تکفیری گروہوں کو خود پال رہی ہے، اس پر سکیورٹی اداروں کی خاموشی بھی قابل افسوس ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وجوہات کچھ بھی ہوں یہ واضح ہوگیا ہے کہ مسلم لیگ ن کالعدم لشکر جھنگوی اور سپاہ صحابہ جیسی دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی کر رہی ہے، جس کا ٹھیکہ چودھری نثار علی خان اور رانا ثنا اللہ خان کو دیا گیا ہے اور وہ دفاع پاکستان کونسل کی چھتری کے نیچے ان تنظیموں کو پروان چڑھا رہی ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬