‫‫کیٹیگری‬ :
16 October 2017 - 13:10
News ID: 430395
فونت
فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پرپوراعالم اسلام سوگوار و عزادارہے۔
امام سجاد علیہ السلام

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، واقعہ کربلا بلا شبہ ایک ایسا سانحہ ہے کہ جس نے تاریخِ انسانیت میں ایک نیا و تابناک باب پیدا کردیا اور اہل دنیا کو زندگی کے عظیم اقدار سے آشنا کیا اور ساتھ ہی ساتھ انسانی فضائل کی حفاظت اور ظلم و استبداد کو نیست و نابود کرنے کے لئے لوگوں کے اندر ظلم و ستم سے ٹکرانے کا حوصلہ و جذبہ پیدا کردیا اور اب اس قربانی کا اثر پوری عالم انسانیت پر چھا گیا ہے۔ اب کوئی جگہ ایسی نہیں ہے جہاں اس انقلاب کی شعاعیں نہ پہنچی ہوں۔

آج دنیا کا ہر باشعور انسان کربلا کے بہادروں سے سبق سیکھتا ہے اور شجاعت کے زیور سے اپنے آپ کو آراستہ کرتا ہے اور اپنے وجود کو ڈوبنے سے محفوظ رکھتا ہے۔

کربلا کے عظیم واقعہ کا احساس آج بھی لاکھوں دلوں کو خون کے آنسو رُلاتا ہے، صدیاں گذرنے کے بعد بھی اس کا اثرآفرین و دلخراش ہے جس نے بھی اس عظیم واقعہ کو پہچان لیا اس نے سرتسلیم خم کردیا ہمیں بھی اگر اپنے وجود کو سنوارنا ہو گا، تو حضرت امام حسین (ع) کے نقش پا پر چلنا ہوگا۔

صرف اور صرف واقعہ کربلا ایسا واقعہ ہے کہ وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اس کی افادیت و اہمیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، کتابیں لکھیں جا رہی ہیں، واقعات بیان کئے جا رہے ہیں لیکن اصل ہیئت ابھی تک قائم و دائم ہے، لیل و نہار کی ہزار گردشیں بھی اس حقیقت کو متاثرنہیں کر پا رہی ہے۔

عزاداری پر قدغن لگائی جا رہی ہے، مبلغین و ذاکرین کو ہراساں کیا جا رہا ہے،ماتمی جلوسوں پر پابندیاں لگائی جاتی ہیں اور مظلوم عزاداروں کو ظلم و ستم کے شکنجے کا شکار بنایا جاتا ہے لیکن دشمن کی تمام تر سازشیں ناکام ہوتی جارہی ہیں اور یہ سلسلہ تاقیامت جاری و ساری رہے گا۔

چنانچہ اس سلسلہ میں امام زین العابدین کا فرمان ہے کہ ’’ذکر مصائب سے ہر سننے والے کو حضرت امام حسین (ع) سے ایک قلبی لگاﺅ پیدا ہوتا ہے اور آپ سے عشق کا جذبہ پیدا ہوتا ہے اور آپ کے ذکر کو مٹانے کی سازش ناکام نظر آتی ہے‘‘۔

کیوں نہ ہو جو کام خالص اللہ کے لئے ہوا کرتا ہے اللہ اسے لافانی قرار دیتا ہے اسی طرح واقعہ کربلا تحریک میں بدل کر آج بھی قائم و دائم، تر و تازہ اور زندہ جاوید ہے اور اس کا دائرہ وسیع تر ہوتا جا رہا ہے۔ اور آج کی یہ تاریخ پیغام کربلا کے ناشر اور مبلغ حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کی تاریخ ہے۔

اسی مناسبت سے ایران،عراق، پاکستان، ہندوستان اور دوسرے ممالک سمیت پوری دنیا میں مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے- ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد اور امامبارگاہوں میں مجالس عزا برپا ہیں اور ذاکرین اہلبیت عصمت و طہارت سید الساجدین کے فضائل و مناقب بیان اور دین اسلام کی حفاظت میں ان کے عظیم الشان کارناموں کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں -حضرت امام زین العابدین کے یوم شہادت کی مناسبت سے مشہد مقدس میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور سوگوار موجود ہیں جو بیمارکربلا کی مصیبتوں پر اشک ماتم بہارہے ہیں۔ قم المقدسہ میں بھی سوگواروں اور زائرین کی بہت بڑی تعداد حضرت امام سجاد علیہ السلام کے یوم شہادت پر نوحہ و ماتم کرکے بی بی فاطمہ معصومہ قم سلام اللہ علیھا کے حضوراشکوں کا نذرانہ پیش کرکے انہیں پرسہ دے رہی ہے -

کربلائے معلی، نجف اشرف اور کاظمین و سامرا میں بھی غم کی اس تاریخ کی مناسبت سے بڑی بڑی مجالس عزا اور نوحہ و ماتم کا سلسلہ جاری ہے ۔ کربلائے معلی میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین اور سوگواران موجود ہیں اور کربلا والوں کی مصیبتوں پر نوحہ و ماتم کررہے ہیں۔  پاکستان اور ہندوستان سے بھی اطلاعات ہیں کہ سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں بیمار کربلا کا یوم شہادت بڑے ہی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اور کل رات جلوسہائے علم و ذوالجناح و تابوت برآمد کئے گئے اور نوحہ و خوانی و سینہ زنی کی گئی جبکہ یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬