29 July 2018 - 14:31
News ID: 436721
فونت
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو پاکستان کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
یاسمین راشد

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو پاکستان کا نیا صدر بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ عمران خان نے وفاق میں حکومت سازی کیلئے مشاورت کا عمل تیز کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان صاف ستھری اور بے داغ شخصیات کو اپنی حکومت میں شامل کرنا چاہتے ہیں تاکہ کسی پر بھی انگلی نہ اٹھے۔ اس حوالے سے طویل مشاورت کے بعد وفاقی وزراء کے نام فائنل کئے گئے ہیں، جبکہ عمران خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو پاکستان کا نیا صدر منتخب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو عمران خان نے اسلام آباد بلا کر اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

ممنون حسین کی مدت ختم ہوتے ہی ڈاکٹر یاسمین راشد کو صدر منتخب کرایا جائے گا جس سے بین الاقوامی برادری کو پیغام دیا جائے گا پاکستان ایک روشن خیال ملک ہے اور پاکستان میں خواتین کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور پاکستان میں مغرب سے زیادہ خواتین کو سیاست میں نمائندگی دے کر دنیا کو ثابت کرنا ہے پاکستانی خواتین میں اہلیت ہے اور یہ مسلمان ممالک کی پہلی صدر ہونے کا اعزاز حاصل کریں گی۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر یوں تو بہت سے نام گردش کر رہے ہیں اور کوئی مجھے صدر بنا رہا ہے اور کوئی کچھ کہہ رہے ہیں کہ مجھے وزارت اعلیٰ دی جائے گی۔ درحقیقت پارٹی کے کارکن مجھ سے کافی لگاؤ رکھتے ہیں اور محسوس کرتے ہیں کہ میں نے پارٹی کی جتنی خدمت کی ہے، مجھے کوئی عہدہ ضرور ملنا چاہئے مگر میں یہ واضح کر دوں کہ عہدوں سے متعلق تمام تر فیصلے عمران خان ہی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہم پنجاب میں حکومت بنا رہے ہیں یا نہیں بنا رہے۔ عمران خان نے جب مجھ سے پوچھا تھا کہ میں نے کون سی سیٹ لینی ہے تو میں نے کہا کہ میں صوبائی سیٹ لینا چاہتی ہوں، تاہم میرے متعلق حتمی فیصلہ عمران خان کریںگے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬