‫‫کیٹیگری‬ :
06 February 2019 - 23:53
News ID: 439705
فونت
علامہ جواد نقوی:
تحریک بیداری امت مصطفی پاکستان کے سربراہ نے جامعہ عروة الوثقی میں مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا: عالم دین وہ ہے جس نے دینی کردار پڑھا، اس پر عمل کیا اور نبھایا، علما نبوت اور امامت کے وارث ہیں، عالم دین کی عبادت 70 عبادت گزاروں سے افضل ہے۔

رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک بیداری اُمت مصطفی کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا ہے کہ عالم دین وہ ہے جس نے دینی کردار پڑھا، اس پر عمل کیا اور نبھایا۔ جو پڑھ کر بھی کردار ادا نہیں کرتا وہ اس زمرے میں نہیں آتا۔ علما انبیا کی مسند پر بیٹھے ہیں۔ وہ انبیا کا راستہ آگے بڑھانے والے ہیں۔ انبیا کا کردار آج علما نے ادا کرنا ہے، اللہ نے تمام امور علما کے حوالے کر دیئے ہیں۔ عالم دین کی عبادت 70 عبادت گزاروں سے افضل ہے۔ شیطان بدعت ایجاد کرتا اور عالم دین اسے جڑ سے اکھاڑ دیتا ہے، رسول خدا نے فرمایا بنی اسرائیل کے انبیا سے میری امت کے علما افضل ہیں۔ علما انبیا کا کردار پیش کرکے امت کی رہنمائی کرتے ہیں۔ نبوت اور امامت کردار کا نام ہے۔ علما ان دونوں کرداروں کے وارث ہیں۔ روایت ہے کہ اگر زمین پر حجت خدا نہ ہو تو انہیں باشندوں کیساتھ ختم ہو جائے گی۔ اس لئے توازن کیلئے ہر دور میں حجت خدا کا موجود ہونا ضروری ہے۔ جس زمانے اور نسل میں عالم ہوگا، وہاں ظلمت نہیں ہوگی چونکہ عالم جسم میں عام لوگوں کی طرح لیکن در حقیقت نور ہیں۔

جامعہ عروة الوثقیٰ کے استاد حجتہ الاسلام و المسلمین محمد رضا مظفری مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ مجلس ترحیم سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عالم دین کی موت سے پیدا ہونیوالا خلاپر نہیں ہو سکتا۔ نبی کریم کا فرمان ہے کہ علما زمین پر روشن چراغ ہیں۔ علما انبیا کے وارث ہیں، انہیں وہی کرنا چاہئے جو آج حضرت عیسیٰ، حضرت ابراہیم، حضرت موسیٰ اور دیگر انبیا زندہ ہوتے تو کرتے۔ ان کا کہنا تھاکہ عالم کی لغزش سے پیدا ہونیوالا نقصان پوری امت کو تباہ کر دیتا ہے۔ افسوس آج علم و تعلیم کے نام پر جہالت پھیلائی جا رہی ہے۔ حضرت علی علیہ السلام کا فرمان ہے کہ جب لوگ عالم دین کو بغیر کردار کے پاتے ہیں تو خود بھی دین سے دور ہو جاتے ہیں اور اولاد کو بھی دور کردیتے ہیں۔ امیرالمومنین نے ایک شخص کو نصیحت کی کہ عالم کی لغزش سے بچو۔

علامہ جواد نقوی نے کہا کہ شیطان عباد گزاروں سے پریشان نہیں ہوتا لیکن عالم یہی عبادت گزار عالم دین بننے جائے تو اسے روکتا ہے۔ اس لئے کہ عالم دین شیطان کے تمام منصوبے چالیں اور وسوسے ختم کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیطان بدعت ایجاد کرتا اور عالم دین اسے جڑ سے اکھاڑ دیتا ہے، تو پھر شیطان چیخیں مارتا ہے۔ آج کا شیطان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہے، جس کے تمام شیطانی منصوبے ولی فقیہہ رہبر مسلمین آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے ناکام بنا دیئے ہیں جبکہ بصیرت سے خالی عبادت گزار اپنی عبادت میں مگن ہیں، انہیں بدعتیں نظر نہیں آتیں بلکہ وہ تو دشمن کیلئے دعا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قومیں خوش نصیب ہیں، جنہیں صاحب کردار عالم میسر آئے۔ اس لحاظ سے ہم خوش نصیب ہیں کہ امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کے دور میں پیدا ہوئے ہیں۔ /۹۸۸/ ن

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬