06 October 2019 - 19:06
News ID: 441433
فونت
حجت الاسلام قاضی نیاز حسین نقوی :
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر نے کہا کہ یمن میں مسلمان ملکوں کی دولت سے خریدے گئے امریکی اسلحہ سے مسلمانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ کشمیر میں 80 لاکھ مسلمانوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا مگر کسی نے کھل کر حمایت نہیں کی ۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے کہا ہے کہ پیغام کربلا اور اصول حسینیت یہ ہے کہ ہر شخص اپنے دور کے ظالم کا مقابلہ کرے، ہر مسلمان اور امام حسین ؑ کی سیرت پر چلنے والے ہر شخص پر اپنے دور کے یزیدی صفات لوگوں کا مقابلہ کرنا ضروری ہے، اب بھی پوری دنیا میں صرف آیت اللہ سید علی خامنہ ای ہیں جو ظالم طاقتوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔

یمن میں مسلمان ملکوں کی دولت سے خریدے گئے امریکی اسلحہ سے مسلمانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ کشمیر میں 80 لاکھ مسلمانوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا مگر کسی نے کھل کر حمایت نہیں کی ، ایران نے اپنے تجارتی مفادات کو نظرانداز کرتے ہوئے کشمیر کے بارے بھارت کیخلاف پارلیمنٹ میں مذمتی قرارداد منظور کی اور اس بات کی پرواہ نہیں کی کہ بھارت ایرانی تیل و گیس کا بہت بڑا خریدار ہے جبکہ ہماری یہ حالت ہے کہ ایران نے ہماری سرحد تک گیس پائپ لائن بچھا دی مگر پھر بھی ہم گیس نہیں لے رہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا ساتھ دیا جبکہ سعودی عرب و امارات نے کشمیر کے بارے پاکستان کا ساتھ نہیں دیا۔ ایران کے رہبرمعظم کی پالیسی سید الشہداء کے دیئے ہوئے اصول کے مطابق ہے کہ ظالم کی مخالفت اور مظلوم کی حمایت کرو۔ یہ باتیں انہوں نے علی مسجد جامعتہ المنتظر لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کیں۔ علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ محرم الحرام اور صفرالمظفر کا تعلق امام حسین ؑ اور کربلاء سے ہے۔ امام حسین ؑ کے قیام کے 2 مرحلے ہیں۔ ایک مدینہ سے کربلاء دوسرا کربلاء سے کوفہ و شام اور مدینہ واپسی تک، جس کی سربراہی امام سجاد ؑ اور حضرت زینب ؑ نے کی۔ رجب کے آخر میں جب ولید نے امام حسینؑ کو یزید کی بیعت کیلئے بلایا تھاتو امام ؑ نے فرمایا تھا کہ یزید فاسق و فاجر، تارک ِ نماز اور شرابی ہے یعنی وہ تمام رزائل و برائیوں کا مجموعہ ہے۔ پھر فرمایا ’’مجھ (حسین) جیسا اُس (یزید) جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا‘‘۔ یہ ایک بہت قیمتی اور گہرا جملہ ہے۔

علامہ نیاز نقوی نے کہا کہ گویا کربلا نے ہمیشہ کیلئے ایک اصول اور ضابطہ دے دیا کہ قیامت تک کوئی بھی اچھا آدمی یزید جیسی صفات کے حامل آدمی کی اطاعت و بیعت نہیں کر سکتا۔ یہ پیغام کربلا ہے کہ ہر شخص کیلئے اصول بتا دیا کہ ہر آدمی اپنے دور کے ظالم کا مقابلہ کرے۔

ہمارے زمانے میں بھی امام خمینی ؒ نے اپنے جد بزرگوار کی پیروی کرتے ہوئے ظالم بادشاہ اور طاقتور حکومت کا مقابلہ کیا اور اسے مٹا دیا۔ ہر مسلمان اور امام حسین ؑ کی سیرت پر چلنے والے ہر شخص پر اپنے دور کے یزیدی صفات لوگوں کا مقابلہ کرنا ضروری ہے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬