‫‫کیٹیگری‬ :
18 April 2020 - 15:21
News ID: 442530
فونت
یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ کورونا وائرس نے ایرانیوں کا بہت نقصان کیا، لیکن انکی استقامت اور خدا پر کامل یقین نے آج ایران کو سرخرو کردیا ہے۔ ایران نے اس حوالے سے بہت سے اہم سنگ میل عبور کر لئے ہیں۔

تحریر: تصور حسین شہزاد

چین میں کورونا وائرس نے تباہی مچائی تو دنیا بھر میں خوف پھیل گیا۔ وبا نے تیزی سے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور عالمی ادارہ صحت کو اسے "عالمی وباء" ڈکلیئر کرنا پڑا۔ چین کے بعد فوری طور پر ایران میں بھی کورونا وائرس سے تباہ کاریاں سامنے آنے لگیں۔ ایرانی سائنسدانوں نے اس وباء کو دشمن کی جانب سے "بیالوجیکل اٹیک" قرار دیا۔ جس کے جواب کیلئے ایرانی حکومت اور سائنسدانوں نے سر جوڑ لئے اور بہت کم عرصے میں مثالی اقدامات کرکے دنیا کو حیران کر دیا۔ یہ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ کورونا وائرس نے ایرانیوں کا بہت نقصان کیا، لیکن ان کی استقامت اور خدا پر کامل یقین نے آج ایران کو سرخرو کر دیا ہے۔

ایران نے اس حوالے سے بہت سے اہم سنگِ میل عبور کر لئے ہیں۔ ایران کی فورس "پاسدارانِ انقلاب" نے کورونا وائرس کا پتہ لگانے والی ایک جدید ڈیوائس تیار کی ہے، جس کی رونمائی بھی کر دی گئی ہے۔ پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی نے اس موقع پر کہا کہ مقامی سطح پر تیار کی گئی ڈیوائس جدید ترین اور اپنی نوعیت کی منفرد ڈیوائس ہے، جسے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ایرانی سائنسدانوں نے خود تیار کیا ہے۔ حسین سلامی نے کہا کہ یہ ڈیوائس محض 5 سیکنڈز میں 100 میٹر کے دائرے میں ہر کورونا وائرس انفیکشن کیس کا پتہ لگانے کے قابل ہے، اس ڈیوائس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے اب خون کی جانچ کی ضرورت نہیں رہے گی، کیونکہ یہ ڈیوائس متاثرہ افراد کی دور سے ہی شناخت کر سکتی ہے۔

دوسری جانب بڑی کامیابی یہ ملی ہے کہ ایرانی سائنسدانوں نے کورونا وائرس کے جنیٹک کوڈ تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ ایران بائیو ٹیکنالوجی ایسوسی ایسن کے سربراہ ڈاکٹر سیروس زینلی کے مطابق ایرانی سائنسدانوں نے پابندیوں کے دور میں کورونا وائرس کے سیکوئینس کا پتہ لگانے کے بعد اس کا جینیٹک کوڈ بھی حاصل کر لیا ہے اور اب تک دنیا میں کورونا وائرس کے چار ہزار سے زائد سیکوئینس دنیا میں رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں، لیکن ایران میں یہ کام پہلی بار انجام پایا ہے۔

کورونا وائرس کی جینیاتی تبدیلیوں یا میوٹیشن کے بارے میں اُن کا کہنا تھا کہ بعض سائنسدانوں کا خیال تھا کہ ایران میں یہ وائرس مسلسل اپنی حالت تبدیل کر رہا ہے، لیکن اس پیشرفت کے بعد یہ مفروضہ غلط ثابت ہوگیا ہے۔ کورونا سیکوئنس تک رسائی کے بعد یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ اس وائرس کیلئے تیار کی جانیوالی کوئی بھی دوا یا ویکسین دنیا کے تمام ملکوں میں استعمال کی جا سکے گی اور ہر ملک اور قوم کیلئے جداگانہ دوا تیار کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ تمام وائرس اور زندہ خلیے جینیٹک اسٹرکچر کے حامل ہوتے ہیں، جو ان کی بقا کا ضامن ہے۔ کورونا وائرس آر این اے اسٹرکچر کا حامل ہے۔ ادھر ایرانی فوج نے ایک نیا طرز عمل متعارف کروایا ہے۔ ایرانی فوج نے اسلحہ کی بجائے طبی آلات کی نمائش لگائی۔ مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی کیلینڈر کے مطابق 29 فروردین کا دن ایرانی فوج کیساتھ مخصوص ہے، جس دن فوج کی زمینی، ہوائی اور سمندری فورسز کی طرف سے نمائش منعقد کی جاتی ہے۔

بین الاقوامی خبررساں ایجنسی نے اس حوالے سے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ایرانی فوج نے اپنے قومی دن کے موقع پر منعقد کی جانیوالی نمائش میں اسلحے کے بجائے کرونا وائرس سے مقابلے کے اپنے طبی آلات کو نمائش میں پیش کیا ہے۔ رائٹرز نے لکھا کہ ایران میں فوج کے قومی دن کے موقع پر منعقد ہونیوالی نمائشوں میں عام طور پر میزائلوں، آبدوزوں اور بکتر بند گاڑیوں کو نمائش میں رکھا جاتا ہے، لیکن اس سال منعقد ہونیوالی نمائش میں ایرانی کمانڈرز ماسک لگائے مائیکروب کش گاڑیوں، صحرائی ہسپتالوں اور کرونا وائرس سے مقابلے کے مختلف طبی آلات کو نمائش میں پیش کر رہے تھے۔

بین الاقوامی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایرانی فوج کے چیف کمانڈر عبدالرحیم موسوی نے اس موقع پر ایرانی فوج کے 11 سو ماہرین، جو کرونا وائرس کیساتھ مقابلے میں پیش پیش ہیں، کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ ایران میں علم پر مبنی ایک کمپنی نے کرونا کے پھیلاؤ کے مقابلہ کرنے کیلئے اوزون گیس جنریٹر بھی تیار کیا ہے۔

ایک ایرانی کمپنی "آرتا آریا" نے اوزون گیس جنریٹر بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے، جو کوویڈ 19 کیخلاف جنگ میں موثر ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ مشین پھلوں، سبزیوں، گھر، آفس، ہسپتال اور لباس، گاڑی کی جراثیم کشی کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ اوزون گیس کو پہلے بھی کوکیوں، بیکٹیریاز، جراثیم، سارس اور انفلوئنزا وائرس سے لڑنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے اور مشرقی ایشین ممالک اس گیس کو کرونا وائرس سے لڑنے کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں۔ یہ کمپنی اپنے غیر ملکی نمونے کی ایک تہائی قیمت کیساتھ اس آلہ کو لوکلائزیشن کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ کمپنی فی الحال اس ڈیوائس کے بڑے ماڈل کو ڈیزائن کرنے پر کام کر رہی ہے۔

ادھر ایرانی وزارت صحت کے ترجمان جہانپور کا کہنا ہے کہ ایران میں کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی آئی ہے، جو کہ حوصلہ افزا بات ہے۔ جہانپور کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 48 ہزار 129 افراد کورونا کو شکست دے کر مکمل طور پر صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ جاں بحق ہونیوالے افراد کی مجموعی تعداد 4 ہزار 683 ہے۔ ڈاکٹر کیانوش نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 ہزار 574 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی اور مجموعی تعداد 74 ہزار 877 ہوگئی ہے۔

ایران کے مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج مزید 98 افراد وفات پا گئے، جو گذشتہ دونوں وفات پانیوالے افراد کی تعداد سے کافی کم ہے۔ ایران کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج 3 ہزار 691 افراد کی حالت نازک ہے۔ ایران نے امریکی اقتصادی پابندیوں کے باوجود کورونا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور ہمت نہیں ہاری۔ یقیناً خدا بھی ان کی ہی مدد کرتا ہے، جو اپنی مدد آپ کرتے ہیں۔ حالیہ بیالوجیکل اٹیک کے بعد ایران نے ثابت کیا ہے کہ خدا اب بھی ایران کیساتھ ہے۔

دوسری جانب چین نے اس مرض کو شکست دی۔ چین تمام وسائل سے مالا مال تھا، لیکن ایران کا بے سروسامانی کی حالت میں کورونا کو شکست دینا بہت بڑی اچیومنٹ ہے۔ اس پر ایرانی قیادت اور ایرانی قوم خراج تحسین کے حقدار ہے۔ اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے ایران کی اس پشرفت پر اظہارِ تفخر کیا اور کہا کہ یہ امریکہ کیلئے سنہری موقع تھا کہ وہ پابندیاں ختم کر دیتا، مگر امریکہ نے ایران پر عائد پابندیاں ختم نہ کرکے ایران میں موجود اپنی رہی سہی حمایت بھی کھو دی ہے۔

یقیناً ایرانی وزیر خارجہ کا یہ موقف درست ہے کہ ایران میں موجود امریکہ کے چند حامی بھی اس کے مخالف ہوگئے ہیں، ظاہر ہے جو مشکل میں کام نہ آئے، وہ دوست تو نہیں ہوتا، امریکہ کے حالیہ سرد رویہ نے ثابت کیا ہے کہ اس کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ دوسرے لفظوں میں کورونا نے امریکہ کو بھی مزید بے نقاب کر دیا ہے۔/۹۸۸/ن

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬