03 July 2020 - 16:05
News ID: 443069
فونت
مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری:
لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کورونا کی آڑ میں عزاداری کو محدود کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، جو تشویشناک ہیں، پوری شیعہ قوم عزاداری کے معاملے میں ایک پیج پر ہے۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں عزاداری کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، اس حوالے سے واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عزاداری اپنے روایتی انداز میں منعقد کریں گے، اس کی راہ میں انتظامیہ کی جانب سے ڈالی جانیوالی رکاوٹوں کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا، اگر کوئی خام خیالی کا شکار ہے تو اپنی غلط فہمی دُور کر لے۔

لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ کورونا کی آڑ میں عزاداری کو محدود کرنے کی باتیں کی جا رہی ہیں، جو تشویشناک ہیں، پوری شیعہ قوم عزاداری کے معاملے میں ایک پیج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم علی علیہ السلام کی طرح یوم عاشور بھی روایتی عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانیان مجالس اور لائسنسداران کیساتھ رابطے کرکے درپیش مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

علامہ اسدی کا کہنا تھا کہ گستاخِ سیدہ سمیت ہمارے عقائد پر حملے کرنیوالوں کو کسی طور برداشت نہیں کریں گے، اس حوالے سے باہمی وحدت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ تنظیم سازی کے حوالے سے سیکرٹری تنظیم سازی منتظر مہدی نے کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس پر پوری کابینہ نے منتظر مہدی کی کارکردگی کو سراہا۔

اس موقع پر عزاداری کے معاملے میں انتظامیہ سے رابطے کیلئے امور سیاسیات کے مسئول سید حسن کاظمی کو ذمہ داری سونپی گئی، صوبے میں کہیں بھی کوئی مسئلہ درپیش ہونے کی صورت میں سید حسن کاظمی مقامی رہنماوں کے ہمراہ انتظامیہ سے معاملات نمٹائیں گے۔

اجلاس میں علامہ طالب جوہری سمیت دیگر وفات پا جانے والے علماء کی بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔/۹۸۸/ن

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬