13 July 2020 - 12:51
News ID: 443166
فونت
چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب نے کہا کہ جلالی کے بارے 295 سی اور دیگر دفعات لگانے کا فیصلہ کرنے کے حوالے سے متحدہ علماء بورڈ میں حکومت کی طرف سے درخواست آچکی ہے، جلد ہی اجلاس بلا کر بورڈ فیصلہ کرے گا۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء اور عمائدین کے وفد نے علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر سربراہ تحریک حسینیہ پاکستان کی سربراہی میں چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب حافظ طاہر اشرفی سے ملاقات کی۔

اراکین وفد میں علامہ سید امتیاز عباس کاظمی چیئرمین تحریک تحفظ تشیع، مخدوم پیر سید نوبہار شاہ چیئرمین شیعہ پولیٹیکل پارٹی پاکستان، سید علمدار حسین بخاری، سید محمد مقدس کاظمی، سید امیر حسین شاہ، نعیم اختر ایڈووکیٹ، سید علی عباس زیدی، پیر سید علی رضا نقوی اور دیگر حضرات شامل تھے۔

وفد نے برملا کہا کہ اہلبیت اطہار ؑ اور صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم کی شان میں سب و شتم اور گستاخی کرنیوالوں کیساتھ ہمارا کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حامد سلطانی اور اس جیسے دوسرے فسادی اور فتنہ پرور، وطن اور اسلام دشمن طاقتوں کے زر خرید آلہ کار ہیں، نہ وہ شیعہ ہیں نہ سنی۔

وفد کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ گستاخ حضرت صدیقہ کبریٰ فی العالمین حضرت سیدۃ نساء العالمین فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی شان اقدس میں گستاخی کرنیوالے اشرف جلالی ملعون کو فوری طور پر گرفتار کرکے اس کے خلاف 295C,295B,295A کی دفعات بھی لگا کر نشانہ عبرت بنایا جائے۔

علامہ محمد حسین اکبر نے چیئرمین بورڈ کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ مقام وقوعہ مقام تقریر جو کہ تھانہ کڑیانوالہ گجرات میں ہے، گجرات انتظامیہ اس گستاخ زہراء سلام اللہ علیہا کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے سے انکار کرکے کیس خراب کرنا چاہتی ہے اور وہ ملزم کو رعایت دینا چاہتی ہے۔

چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ سیدہ طیبہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کے بارے میں میرا یہ بیان کہ اگر وہ خطا کار ہیں "نعوذ باللہ" تو اسلام کی عمارت ہی تباہ ہو جائے گی، کی وجہ سے جلالی نے مجھے رافضی کہہ دیا ہے، میں علی الاعلان کہہ رہا ہوں کہ اگر سیدہ کائنات ؑکے بارے یہ نظریہ رفض ہے تو میں رافضی ہوں۔

حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ جلالی کے بارے 295 سی اور دیگر دفعات لگانے کا فیصلہ کرنے کے حوالے سے متحدہ علماء بورڈ میں حکومت کی طرف سے درخواست آچکی ہے، جلد ہی اجلاس بلا کر بورڈ فیصلہ کرے گا، حضرت فاطمہ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کی شان جتنی بلند ہے، ہم اس کا اندازہ نہیں لگا سکتے، گستاخ کو قرار واقعی سزا دلوا کر رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گستاخ زہراء جلالی اور گستاخ ابوبکر حامد سلطانی چھپتے پھر رہے ہیں، انتظامیہ گرفتار کرنے کیلئے ان کے گرد گھیرا تنگ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل مقام تقریر جہاں گستاخانہ بیان جلالی نے دیا ہے، اس تھانے میں اس کیخلاف مقدمہ درج ہونا ضروری ہے، ورنہ ایف آئی اے والے کارروائی نہیں کرسکیں گے۔

سربراہ وفد علامہ محمد حسین اکبر نے بتایا کہ گجرات انتظامیہ اس سلسلہ میں کوئی تعاون نہیں کر رہی۔

اس موقع پر اراکین وفد نے حافظ طاہر اشرفی کی خوشدامن کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

چیئرمین نے تمام اراکین وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو پورا کرنے کیلئے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔/۹۸۸/ن

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬