13 July 2016 - 04:27
News ID: 422483
فونت
ڈاکٹر طاہر القادری:
تحریک منہاج القرآن کے سربراہ نے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سے ایم ڈبلیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملاقات کی ۔
ڈاکٹر طاہر القادری


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادی نے اپنے اعلی سطح وفد اور کثیر تعداد کارکنوں کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری سے ایم ڈبلیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں ملاقات کی ۔

میڈیا کے نمائندوں اورشرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا : پاکستان میں جاری دہشت گردی میں موجود حکمران فریق ہیں۔ موجودہ حکومت دہشت گردوں کو وسائل اور معاونت فراہم کرتی ہے۔ پاکستان میں موجود ایک مخصوص مسلک کے باصلاحیت افراد کی صرف اس لیے مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی جار ہی ہے کہ حکمرانوں کو ان سے اختلاف ہے۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : پاکستان کے حکمران فرعونیت، قارونیت اور یزیدیت جیسی تین صفات کا مجموعہ ہیں۔ پاکستان میں عدل و انصاف کے پرخچے اڑائیں جا رہے ہیں۔ ملک کے با اختیار اداروں کو چاہیے کہ وہ عوام پر ہونے والی اس حکومتی ظلم و بربریت کا نوٹس لیں۔ اگر پاکستان کے مظلوموں کی آواز نہ سنی گئی تو وطن عزیز کی بقا و سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی۔

طاہر القادری نے بیان کیا : گزشتہ تین عشروں سے ملک فرقہ واریت کی لپٹ میں ہے۔ خطے میں فرقہ وارانہ قتل سے شروع ہونے والے اس فضا نے دہشت گردی کی شکل اختیار کر کے پوری امت مسلمہ کومنتشر اور بدامنی کا شکار کر رکھا ہے۔ 

تحریک منہاج القرآن کے سربراہ نے حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری کے تمام مطالبات کی مکمل تائید کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت تشیع کے رہنما کی بھوک ہڑتال کو دو ماہ مکمل ہو گئے ہیں اور حکمران شرمناک بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ہم مجلس وحدت مسلمین کے دست و بازو ہیں۔ ہمیں جہاں پکارا جائے گا ہم وہیں اپنی پوری تحریک کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔

انہوں نے کہا : ۳۱ جولائی کو لاہور میں قومی مشاورت کے لیے تمام قوتوں کو بلایا جا رہا ہے جس کی میزبانی تحریک منہاج القران اور مجلس وحدت مسلمین کرے گی۔ ظالم حکمرانوں کے خلاف آئندہ لائحہ عمل اور قومی مشاورت میں طے کیا جائے گا۔ حجت الاسلام ناصر عباس ایک صاحب کردار ، با تدبر اور با حکمت شخصیت ہیں۔ان کے فیصلے قوم و ملت کے لیے یقیناً بہترین ہوں گے۔

حجت الاسلام ناصر عباس نے ڈاکٹر طاہر القادری، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور دیگر شخصیات کا ہڑتالی کیمپ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا : ہم ظالم حکمرانوں کے خلاف یہاں گزشتہ دو ماہ سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ہمارا احتجاج پاکستان کی بیس کروڑ مظلوم عوام کے لیے ہے۔ ہمارے حکمران بے حس ہیں ۔ 

انہوں نے بیان کیا : دہشت گردی کے خلاف جاری ضرب عضب کو ناکام بنانے کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے نام پر انتقامی کاروائیاں کی جا رہیں ہیں۔ ہمارے شیعہ نوجوان کو دہشت گردی اور حکومتی بربریت کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ ہم دو ماہ سے بھوک ہڑتا ل پر ہیں ۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مجلس وحدت مسلمین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے لیکن موجودہ حکومت بے حس بنی ہوئی ہے۔

ناصر عباس جعفری نے کہا : ۱۷ حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا : جولائی کو پاکستان کے مختلف شہروں میں ایم ڈبلیو ایم کی خواتین احتجاج کریں گی۔۲۲ جولائی کو ملک کی تمام اہم شاہراوں پر اپنے مطالبات کے حق میں دھرنے دیے جائیں گے ۔

اس موقعہ پر شیخ رشید احمد نے کہا : حجت الاسلام ناصر عباس جعفری کی اس ملک کو ضرورت ہے۔ ہم ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی بھوک ہڑتال کو ختم کریں۔ ہمارے حکمران بے حس ، ظالم اور اخلاقیات سے عاری ہیں۔ وہ مہذب احتجاج کی زبان نہیں سمجھتے۔

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬