18 July 2016 - 09:57
News ID: 422512
فونت
حجت الاسلام راجہ ناصرعباس جعفری :
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے کہا : حضرت زینبؑ کی کنیزوں کی طرف سے ملک گیر یو م احتجاج نے ثابت کردیا کہ وہ عصر کی طاغوتی طاقتوں کیلئے کبھی میدان خالی نہیں چھوڑیں گی ۔
حجت الاسلام راجہ ناصرعباس


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی طرف سے اسلام آباد پریس کلب تا ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ، ڈی چوک پر ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا : حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی کنیزوں نے آج یہ ثابت کیا ہے کہ دور عصر کی یزیدیت ، فرعونیت اور طاغوتی طاقتوں کے لیے وہ میدان کو کبھی خالی نہیں چھوڑیں گی۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : ریاستی اداروں میں موجود تکفیری فکر کے حامل عناصر ملک میں تکفیریت کو رواج دینے میں مصروف ہیں۔ اہل سنت اور اہل تشیع پاکستان کے دفاع کی فرنٹ لائن ہیں جنہیں کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ریاستی اداروں اور قوم کے درمیان نفرت کو پروان چڑھایا جا رہا ہے تاکہ ملک پر سے لوگوں کا اعتماد ختم ہو۔

حجت الاسلام راجہ ناصرعباس نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : پاکستان کو اقتصادی طور پر کھوکھلا کیا جا رہا ہے ۔ پورا انفراسٹرکچر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ پاکستان کے حکمران ہمارے دشمنوں کے ساتھ مل کر ہمیں ظلم و بربریت کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ پنجاب میں بے گناہ عزاداروں پر نیشنل ایکشن پلان کے تحت مقدمات بنائے جا رہے ہیں۔ گلگت بلتستان میں ہمارے لوگوں کی زمینوں پر زبردستی قبضے کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب کی سی ٹی ڈی ملت تشیع کے لیے لشکر جھنگوی بن چکی ہے۔ عزاداری سید الشہد ا ہماری عبادت ہے ۔ ہم اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ قطعی برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا :۲۲ جولائی کو پاکستان کی تمام اہم شاہرائیں بلاک کر دی جائیں گی۔ ظالم حکمران یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ ہمیں بے سکون کرنے والوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دیا جائے گا۔ ظالموں کے تعاقب سے ہم دستبردار ہونے والے نہیں۔ ہمارا بھوک ہڑتالی کیمپ جاری رہے گا ۔ یہاں شہدا کے خاندان آکر احتجاج کریں گے۔

حجت الاسلام راجہ ناصرعباس نے وضاحت کی :۷ اگست شہید کانفرنس ڈی چوک میں منعقد ہو گی جس میں ملک بھر سے لوگ شریک ہوں گے۔اس کے بعد لاہور کی طرف پیدل مارچ کرنے کا لائحہ عمل بھی زیر غور ہے۔
اس ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین اور بچے شریک تھے۔ ریلی کے شرکا نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر شیعہ ٹارگٹ کلنگز،تکفیریت اور ملک میں جاری دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬