رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے حجاج کرام کی پہلی پرواز کل ۱۷ ستمبر کو پشاور باچاخان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچے گی۔
کل ۶۳ پروازوں کے ذریعے ۲۰۵۶۹ حجاج کرام کو پشاور ایئرپورٹ لایا جائیگا۔ عید سے قبل سعودی عرب سے حجاج کرام کی واپسی سے متعلق انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایئرپورٹ منیجر طاہر سکندر کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا تھا۔
جس میں قائم قام ڈائریکٹر حج، چیف سیکورٹی آفیسر باچاخان انٹرنیشنل ایئرپورٹ شاد نواز خٹک، سینئر جائنٹ ڈائریکٹرسید لطیف الحق، انٹی نارکاٹیکس، ایئرلائنز سمیت تمام متعلقہ ایجنسیوں کے حکام نے شرکت کی تھی۔
ایئرپورٹ منیجرطاہرسکندر کے مطابق حجاج کرام کی واپسی کل ۱۷ ستمبر سے شروع ہوگی، پچھلے سال کی طرح امسال بھی تمام پروازوں کا شیڈول دن کے وقت رکھا گیا ہے اور رات کو کوئی پرواز نہیں رکھی گئی۔
ایئرپورٹ میں توسیع کا کام ہونے کے باعث عوام الناس سے گزارش ہے کہ حجاج کرام کو لینے کیلئے صرف ایک گاڑی و ایک فرد آیا کریں تاکہ دیگر مسافروں اورعوام الناس کومشکلات کا سامنانہ ہو۔/۹۸۸/۹۴۰/