06 October 2016 - 23:20
News ID: 423665
فونت
حجت الاسلام عارف حسین واحدی:
اسلامی تحریک پاکستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا : تمام مکاتب فکر اختلافات کو ہوا دینے کی بجائے مشترکات کو فروغ دیں تو معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے ۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے واضح کیا ہے کہ فرقہ واریت اور دہشت گردی کی لعنت سے نجات کے لئے اتحاد امت کے قرآنی تصور کو اجاگر کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا : تمام مکاتب فکر اختلافات کو ہوا دینے کی بجائے مشترکات کو فروغ دیں تو معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے۔

ملتان سے جاری بیان کے مطابق محرم الحرام کے حوالے سے تحمل، برداشت اور رواداری کے موضوع پرمنعقدہ نشست سے خطاب میں حجت الاسلام عارف واحدی نے کہا کہ ہم امت واحدہ کے قرآنی تصور کو اجاگر کرنے کے لئے نہ صرف تیار ہیں بلکہ ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔

ملی یکجہتی کے پلیٹ فارم پر حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے مرحوم مولانا شاہ احمد نورانی، قاضی حسین احمد مرحوم، پروفیسر ساجد میر، مولانا سمیع الحق او ر مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مل کر اتحاد و وحدت کے بانیوں کا کردار ادا کیا ہے۔ اور یہ کہنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتا کہ اپنے اپنے مسلک پر رہتے ہوئے اتحاد امت کی ایسی فضا کسی اور اسلامی ممالک میں قائم نہیں ہوسکی۔

حجت الاسلام عارف واحدی نے کہا کہ آج اسلام ا ور پاکستان کے دشمن بھارت کی طرف سے چیلنجز کی فضا میں مذہبی طبقے کی ذمہ داری بنتی ہے کہ معاشرے میں محبت و اخوت، رواداری اور برداشت کی فضا پیدا کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اہلبیت اطہار، صحابہ کرام، ازواج مطہرات کا احترام ہمارے عقیدے کا حصہ ہے۔

جبکہ محرم ہو یا اس کے بعدکے ایام نواسہ رسول امام حسین کی قربانی کی یاد ہر مسلمان اپنے انداز میں مناتا ہے۔ اور سب تسلیم کرتے ہیں کہ اسلام کو کربلا سے نئی زندگی ملی، پھر چند فقہی اور فروعی مسائل میں اختلاف کی وجہ ان دوریوں کا سبب نہیں بننا چاہیے۔

اسلامی تحریک کے رہنما نے علما، واعظین اور دانشور طبقے کو ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے کہا کہ اتحاد و وحدت کی محافل کی خبر یںعام لوگوں تک پہنچانا انتہائی ضروری ہے تاکہ کم علم اور شرپسند عناصر اپنی شرارتوں کی وجہ سے مختلف مسالک کے درمیان بگاڑ پیدا نہ کر سکیں۔

انہوں نے امت مسلمہ اور اسلامی ممالک کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دو اہم دوست ممالک ایران اور سعودی عرب کو ٹھیک ٹھاک پیغام دینا ہو گا کہ اگر ان دونوں کے درمیان اختلاف کی کیفیت ایسے ہی برقرا رہی تو امت مسلمہ کمزور ہو گی اور اگر ان کے درمیان اتحاد و وحدت کی فضا قائم ہو گی تو مسلمان مضبوط ہوں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬