‫‫کیٹیگری‬ :
25 November 2016 - 21:14
News ID: 424679
فونت
مرجع تقلیدمرحوم آیت اللہ العظمی سید عبدالکریم موسوی اردبیلی کی تشییع جنازہ آج قم میں ہوئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
آیت اللہ العظمی موسوی اردبیلی

رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مقدس شہر قم میں آیت اللہ العظمی موسوی اردبیلی کی تشییع جنازہ میں صدر مملکت حس روحانی ، مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر علی لاریجانی ، اراکین پارلیمنٹ ، وزراء ، عدلیہ کے حکام اور حوزۂ علمیہ قم کے علماء، اساتذہ، طلبا اور بڑی تعداد میں عوام شریک تھے۔

تشیع جنازہ میں مراجع عظام آیت اللہ العظمی جوادی آملی، آیت اللہ العظمی جعفرسبحانی ، رہبر معظم کے نمائندے حجت الاسلام محمدی گلپائگانی ، ایران میں آیت اللہ العظمی سیستانی کے نمائندے شہرستانی ، حجت الاسلام سید حسن خمینی اور سید علی خمینی ، وزیر صحت ڈاکٹر ہاشمی ، انٹیلیجنس کے وزیر علوی ، مدیر حوزہ علمیہ قم آیت اللہ اعرافی اور قم کے امام جمعہ اور حضرت معصومہ (س) کے حرم کے متولی آیت اللہ سعیدی نے شرکت کی۔

مرحوم آیت اللہ موسوی اردبیلی کے پیکر پاک پر آیت اللہ العظمی شبیری زنجانی نے نماز جنازہ ادا کی۔ آپ کوحضرت معصومہ قم کے حرم مطہر میں سپرد خاک کیا گیا۔

آیت اللہ العظمی موسوی اردبیلی کو گذشتہ دنوں تہران کے لالہ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا علاج معالجہ کیا تا ہم وہ دل کی بیماری کے سبب بدھ کی صبح کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے مرجع تقلید اور ایران کے سابق چیف جسٹس آیت اللہ موسوی اردبیلی کے انتقال پر ملک میں جمعرات اور جمعہ کو دو روزہ عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

آیت اللہ موسوی اردبیلی انیس سو اکیاسی سے انیس سو نواسی تک اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہے۔

آیت اللہ موسوی اردبیلی کو حضرت امام خمینی (رح) نے اپنے ایک حکم میں آیت اللہ شہید بہشتی کی شہادت کے بعد ایرانی عدلیہ کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ انھیں انقلاب اسلامی کا اہم رکن تصور کیا جاتا تھا۔ اللہ تعالی ان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔

آیت اللہ موسوی اردبیلی انیس سو پچیس میں شمال مغربی ایران کے صوبے اردبیل میں پیدا ہوئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ قم کی مسجد اعظم میں  رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کی جانب سےمرحوم  آیت اللہ موسوی اردبیلی کی ایصال ثواب کی مجلس بروز جمعہ بعد از نماز مغرب و عشا منعقد ہوگی۔

آیت اللہ موسوی اردبیلی کے ایصال ثواب کی مجلس میں عوام کے علاوہ اعلی سول اور فوجی حکام شرکت کریں گے۔ /۹۸۹/ف۹۳۰/ک۴۴۱/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬