‫‫کیٹیگری‬ :
12 December 2016 - 12:05
News ID: 425027
فونت
رہبر انقلاب اسلامی:
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ امریکہ اسلامی ملکوں کی خود مختاری کا مخالف ہے اور اس کی ظاہری مسکراہٹوں کے فریب میں نہیں آنا چاہیے۔
رھبر معظم و عمار حکیم


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے سرکردہ سیاستداں اور نیشنل عراقی ایلائنس کے سربراہ سید عمار حکیم اور ان کے ہمراہ وفد کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اپنے ظاہری دعوؤں کے برخلاف ، امریکہ تکفیری دہشت گردوں کی بیخ کرنا ہی نہیں چاہتا بلکہ اس بات کی کوشش کر رہا ہے کہ ان میں سے بعض دہشت گردوں کو اپنے آئندہ اہداف کے لیے بچا کے رکھا جائے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے داعش کے ذریعے، عراقی تیل کی فروخت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس وقت امریکی محض آئل ٹینکروں کی قطاریں دیکھ رہے تھے لیکن انہوں نے کبھی انہیں نشانہ نہیں بنایا، بنا برایں امریکیوں پرہرگز اعتماد نہیں کرنا چاہیے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے عراق کے مستقبل کو تابناک قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ عراق کی ترقی و پیشرفت ایران کے مفاد میں ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ ہم آہنگی بھی دونوں کے لیے سود مند ہے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے نیشنل عراقی الائنس کے قیام کو خوش آئند اوراہم واقعہ قرار دیتے ہوئے ، اتحاد و یکجہتی کی بنیادوں کو مضبوط اور پائیدار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ، اس الائنس کے سربراہ، اہم ارکان اور اس میں شامل تمام جماعتوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کیونکہ ان کے فیصلے اور اقدامات، نہ صرف عراق بلکہ پورے خطے اور اسلامی دنیا پر بھی اپنے اثرات مرتب کریں گے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عراق میں قائم ہونے والی حکومتوں کی حمایت کو اس الائنس کی اہم ترین ذمہ داری قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ اتحاد و یکجہتی کے ذریعے نیشنل عراقی الائنس کے اہداف کی تکمیل ہوسکتی ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اپنی گفتگو کے اختتام پر، چہلم امام حسین علیہ السلام میں شریک زائرین کی مہمان نوازی پر عراقی عوام اور اعلی عہدیداروں کی قدر دانی کرتے ہوئے ، اربعین ملین مارچ کو دور حاضر کی اہم ترین اور بے مثال روداد قرار دیا۔

نیشنل عراقی الائنس کے سربراہ سید عمار حکیم نے اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے عراقی حکومت اور عوام کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رضاکار فورس ، حشدالشعبی کے قیام کی پارلمینٹ سے منظوری، نیشنل عراقی ایلائنس کی کوششوں کا اہم ترین نتیجہ ہے جس کی شیعہ اور سنی دونوں جماعتوں نے حمایت کی ہے۔/۹۸۸/ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬