01 January 2017 - 22:44
News ID: 425433
فونت
برطانیہ کے سیکورٹی کے وزیر نے داعش کی جانب سے اپنے ملک کے خلاف کیمیائی حملوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے عراق اور شام میں بڑی تعداد میں برطانوی دہشت گردوں کی موجودگی کا اعتراف کیا ہے۔
بن والس

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پریس ٹی وی کے مطابق برطانیہ کے سیکورٹی کے وزیر بن والس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش برطانیہ میں کیمیائی حملوں کا ارادہ رکھتا ہے اور وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ کسی بھی مشکوک نقل و حرکت کے بارے میں فوری طور پر حکومت کو مطلع کریں۔

انہوں نے کہا کہ داعش گروہ کیمیائی حملوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ہلاک کرنا اورعوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتا ہے۔

برطانوی سیکورٹی کے وزیر نے کہا کہ دہشت گرد گروہ داعش اس سے قبل عراق اور شام میں بھی کیمیائی حملے کرچکا ہے اور اس بارے میں رپورٹیں ہماری نظر سے بھی گزری ہیں۔

گزشتہ ماہ یورپی پولیس یورو پول نے بھی برطانیہ میں کیمیائی حملوں کے امکان کے بارے میں خبر دار کیا تھا تاہم یہ پہلی بار ہے جب برطانیہ کے ایک وزیر نے اپنے ملک میں کیمیائی حملوں کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اطلاعات ہیں کہ دو سو کے قریب برطانوی تکفیری عناصر، دہشت گردی کے غرض سے وطن واپس آگئے ہیں۔

برطانیہ کے سیکورٹی کے وزیر بن والس نے مزید کہا کہ شام اور عراق میں شکست کے بعد دہشت گرد واپس برطانیہ کا رخ کریں گے اور یہ بات ملک کے لئے انتہائی خطرنات ثابت ہوگی۔

انہوں نے برطانوی دہشت گردوں کی کسی تعداد کا ذکر کیے بغیر، عراق میں داعش کے خود ساختہ دارالحکومت موصل کی ممکنہ آزادی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر داعش کو موصل اور دیگر علاقوں میں شکست ہوئی تو ہم سب جانتے ہیں کہ داعش میں شامل ہونے کے لئے شام جانے والے بہت سے دہشت گرد برطانیہ واپس آجائیں گے۔ 

کہا یہ جارہا ہے کہ دہشت گردی کے غرض سے شام جانے والے آٹھ سو برطانوی دہشت گردوں میں سے تقریبا آدھے برطانیہ واپس آگئے ہیں جبکہ سو کے قریب دہشت گرد شام میں مارے بھی جاچکے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬