03 January 2017 - 21:32
News ID: 425466
فونت
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے نائب عراقی صدر کی ملاقات میں دہشت گردوں کے لئے علاقے کے بعض ملکوں کی حمایت کو صیہونی حکومت کے مقاصد کی تکمیل کی کوشش قرار دیا ہے ۔
نوری المالکی و علی لاریجانی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے نائب صدر نوری المالکی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس (پارلیمنٹ) کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایک ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

نوری المالکی جو ہفتے کی رات ایران کے چار روزہ دورے پر تہران پہنچے ہیں ایرانی اسپیکر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کے تعاون کو مزید بڑھانے پر بات چیت کی۔

نوری المالکی نے گزشتہ روز تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملکی اور غیرملکی صحافیوں کے ساتھ عراقی کی تازہ ترین صورتحال سمیت خطی مسائل پر گفتگو کی۔

ایرانی اسپیکر نے شام اور عراق کے بحرانوں پر بعض علاقائی ممالک کے کردار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں رونما ہونے والے بحرانوں سے بعض ممالک کے منفی چہرے بے نقاب ہوگئے۔

انہوں نے عراق کے سیاسی گروہوں اور جماعتوں کے درمیان اتحاد اور قومی آشتی کو دہشت گردوں کے مقابلے میں عراقی عوام  کی کامیابی کا راز بتایا اور کہا کہ عراقی جماعتوں کی صفوں میں مضبوط اتحاد ، وسیع البنیاد یکجہتی اور سیاسی قوتوں کے مابین اختلافات کے خاتمے سے دشمنوں کے مقابلے میں عراقی عوام کی مشکلات کے حل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے ایران اورعراق کے باہمی تعلقات میں روز افزوں توسیع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے سیاسی اور اقتصادی تعاون اور تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے ایران اورعراق میں بہت سی صلاحتیں پائی جاتی ہیں ۔ 

عراق کے نائب صدر نوری مالکی نے بھی علاقے کے مسائل اور خاص طور پرعراق اور شام کے بحران کے حل کے سلسلے میں ایران کے اصولی موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی پالیسی ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور استقامتی محاذ کی حمایت پر استوار رہی ہے ۔

ایران و عراق تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے علی لاریجانی نے کہا کہ جامع اور مشترکہ منصوبہ بندی کے تحت سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس عراق میں امن و استحکام کی بالادستی کے لئے کئے جانے والے ہر اقدام کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔

موصل میں جاری داعش کے خلاف آپریشن میں عراقی افواج بالخصوص الحشد الشعبی فورسز کی فتوحات پر عراقی قوم اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ عراقی پارلیمنٹ کی جانب سے الحشد الشعبی کے حق میں بل کو منظور کرنا انسداد دہشتگردی کی مہم میں ایک اہم ہے جس سے عراق میں امن و سلامتی کی فضا مزید مضبوط ہوگی۔

علی لاریجانی نے مزید بتایا کہ بعض علاقائی ممالک عراق اور شام کے بحرانوں کی ذمہ دار ہیں جن کا مقصد خطے کو عدم استحکام کا شکار کرکے دہشتگردوں بالخصوص ناجائز صہیونی ریاست کو فائدہ دینا ہے۔

اس موقع پر نائب عراق صدر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھرپور حمایت جاری رکھنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کی قوم اور حکومت سے اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر مسلسل مشاورت اور اعلی سطحی وفود کے تبادلے جاری رہنے پر زور دیا۔/۹۸۹/ف۹۳۰/ک۵۸۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬