04 January 2017 - 11:09
News ID: 425475
فونت
عراق کی فیڈرل پولیس نے ایک بیان میں موصل کی آزادی کی کاروائی میں دسیوں داعشی دہشت گردوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے-
موصل


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس بیان میں کہا گیا ہے کہ فیڈرل پولیس کے حملوں میں کم از کم پچاس دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے ہیں-دوسری جانب عراق کے سیکورٹی ذرائع نے مشرقی موصل میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں اٹھارہ افراد کے جاں بحق اور تیرہ افراد کے زخمی ہونے کی خبر دی ہے-شمالی عراق کے شہر موصل کو داعش کے چنگل سے آزاد کرانے کی کاروائی جاری رہنے کے ساتھ ہی عراقی فوج نے اس گروہ کو بھاری نقصان پہنچایا ہے-

السومریہ نیوز ویب سائٹ نے ایک رپورٹ میں، نینوا آپریشن کمانڈر عبدالامیررشید یاراللہ کے حوالے سے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسیز نے موصل - تلعفر شاہراہ پر واقع الحسبہ سے موسوم داعش کے اسٹریٹیجک ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے- یاراللہ کے مطابق شہر موصل کے علاقے المالیہ میں گاڑیوں میں بم نصب کرنے والے داعش کے ایک کارخانے، اور اس تکفیری گروہ کے ٹھکانے کو تباہ کردیا ہے -

اس رپورٹ کےمطابق عراقی فوج نے موصل کے مشرقی سیکٹر میں پیشقدمی کرتے ہوئے میزائل اور ہتھیاروں کے ایک گودام کو بھی تباہ کردیا ہے- عراقی فوج نے اسی طرح مشرقی موصل میں حی الصناعہ علاقے اور کئی کارخانوں اور صنعتی مراکز کو بھی آزاد کرا لیا ہے-واضح رہے کہ گذشتہ سال سترہ اکتوبر سے عراقی وزیر اعظم کے حکم سے موصل کو آزاد کرانے کی کاروائی کا آغاز ہوا ہے جس میں اب تک عراقی فوج نے داعش کے قبضے سے دسیوں دیہات اور قصبے آزاد کرا لئے ہیں -


دوسری جانب عراق کے صوبہ نینوا میں فیڈرل پولیس کی ہائی کمان کے سربراہ نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورس اور پولیس اہلکاروں نے موصل کے مشرق میں دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے کم سے کم دس مزید دہشت گردوں کوموت کے گھاٹ اتار دیا ہے -

عراقی فیڈرل پولیس کا کہنا ہے کہ  پولیس اور سیکورٹی فورس نے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرتے ہوئے داعش کی ایسی تین گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا جن میں انہوں نے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھے تھے -

اطلاعات ہیں کہ عراقی سیکورٹی فورس نے داعش کے ایک ڈرون طیارے کو بھی مارگرایا ہے - عراقی وزارت دفاع نے بھی ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے ایک منظم کارروائی کے دوران داعش کے پانچ خطرناک سرغنوں کو صوبہ نینوا میں الجدعہ کیمپ سے گرفتار کرلیا ہے -/۹۸۸/ ن۹۴۰

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬