24 February 2017 - 20:53
News ID: 426503
فونت
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری:
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : لعل شہبار قلندر کے مزار پر زائرین کے اجتماعات نے دہشتگردوں کو مسترد کر دیا ہے۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ ضلع جامشورو کے زیر اہتمام درگاہ شریف حضرت لعل شہباز قلندر میں تحفظ مزارات  اولیاء اللہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی ۔

تحفظ مزارات اولیاءاللہ کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ جنرل ضیا الحق نےافغانستان کے راستے آنے والے دہشت گردوں کو اس ملک میں پناہ دی۔جس کا نتیجہ کلاشنکوف کلچر کی شکل میں سامنے آیا۔

انہوں نے وضاحت کی : اسلام کی بنیادی تعلیمات سے عاری دہشت گرد گروہوں نے اسلام کے نام پر اس ملک میں قتل و غارت کا بازار گرم کیے رکھا۔ اولیاء اللہ کے مزارات کو نشانہ بنایا گیا۔ بانیان پاکستان کے بیٹوں کی نسل کشی کی گئی جو اب تک جاری ہے۔ ہم مادر وطن کے با وفا بیٹے ہیں ، ارض پاک پر کسی بھی دہشتگردی کو قبول نہیں کریں گے ۔

حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا : ہزاروں معصوم اور بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا شکار بنایا گیا،داعش اور اس کے حامی گروہ ملک اور اس کے اطراف میں اڈے قائم کر رہے ہیں۔ سال 2017پاکستان میں داعش کی لانچنگ کا سال ہے جس کے لئے پوری قوم کو تیار رہنا ہوگا،ملک کو کمزور کرنے کی سازش کی جاری ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی آنکھیں کھولے اور ان دہشتگردوں کے خلاف فوری کاروائی کرے۔

انہوں نے بیان کیا : امریکی و صہیونی ایما پر کالعدم جماعتیں اس ملک میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے۔20 کرور عوام کے خلاف لشکر تشکیل دیا جارہا ہے، 80 ہزار ملک کے با وفا بیٹوں نے قربانیاں دیں۔

حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے مزید کہا کہ ضرب عضب ہو یا رد الفساد مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ، ریاست کو آپریشن ردالفسادکے مطلوبہ نتائج کے حصول کے افغان اور کشمیر پالیسی میں تبدیلی لانا ہوگی، ریاستی ادارے دہشت گرد گروہوں کو اثاثہ سمجھنا چھوڑ دیں، درپیش چیلنجز کا مقابلہ موجودہ حکمرانوں کے بس میں نہیں ، ملک بچانے کیلئے پڑھے لکھے جوانوں پر مشتمل حکومت کا قیام ناگزیز ہے، سیہون میں عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں،حکومت سیہون شریف میں ترقیاتی کام مکمل کرے یہاں اسکول ،کالج ،اسپتالوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بلا خوف میدان میں حاضر رہنا ہے۔ایک دوسرے سے مدد کریں، ملک کے تمام مکاتب فکر یک جان ہیں اور ملک کے دفاع کیلئے اپنی مزیدلاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔آپریشن رد الفساد کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : لعل شہبار قلندر کے مزار پر زائرین کے اجتماعات نے دہشتگردوں کو مسترد کر دیا ہے، افواج پاکستان تمام سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ ہیں حکومت نیشنل ایکشن پلان کے نام پر بے گناہ محب وطن شیعہ اور اہل سنت عوام  کے بجائے مجرموں کے خلاف کاروائی کرے، قائد اعظم و علامہ اقبال کے پاکستان کی جدو جہد کرتے رہیں گے،

حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے تاکید کی :پنجاب میں کالعدم جماعتوں کو حکمرانوں کی حمایت حاصل ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے،درگاہ شہباز قلندر دہشتگردی میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کیا جائے،واقع میں ملوث سہولت کاروں کو منظر عام پر لایا جائے اور عبرت ناک سزا دی جائے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬