21 December 2017 - 20:38
News ID: 432350
فونت
سید علی گیلانی :
جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا : ایک طرف ہماری قوم کو خاک وخون میں نہلایا جارہا ہے اور دوسری طرف قائدین کو بند کرکے ماتم کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔
سید علی گیلانی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے شوپیان میں معصوم بچوں کو پیلٹ گنوں کی بوچھاڑ سے نشانہ بنانے کی کارروائی کو انتہائی سفاکانہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ جو لوگ معصوم بچوں کو پیلٹ کا نشانہ بنا کر انہیں بینائی سے محروم کررہے ہیں یہ کسی بھی طور انسان کہلانے کے لائق نہیں ہیں، بلکہ یہ صرف اور صرف درندگی کی انتہا ہے جسے کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے شوپیان میں پرویز احمد ڈار، عمران منیر اور فیروز احمد سمیت درجنوں نوجوانوں پر پیلٹ کا استعمال کرنے اور بعض کو بینائی سے محروم کرنے کی کارروائی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

انہوں نے محمد اشرف صحرائی، محمد اشرف لایا، حکیم عبدالرشید، محمد یاسین عطائی، بشیر احمد عرفانی، سید امتیاز حیدر سمیت درجنوں لیڈران اور کارکنان کو خانہ وتھانہ نظربند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہماری قوم کو خاک وخون میں نہلایا جارہا ہے اور دوسری طرف قائدین کو بند کرکے ماتم کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔

آزادی پسند راہنما سید علی شاہ گیلانی نے تمام مکتبہ فکر سے وابستہ جماعتوں، اداروں، گروپوں اور انجمنوں سے اپیل کی کہ وہ اس درندگی کے خلاف اپنی اپنی سطح پر آواز بلند کرکے بھارت پر یہ واضح کردیں ہم اس کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہماری نوجوان نسل کو ایک منظم طریقے پر اندھیروں کی نذر کیا جائے گا، جس کے لئے ہمیں قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬