23 February 2020 - 18:53
News ID: 442160
فونت
سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی کے شاہین باغ میں تحریک اور دھرنے کے بعد جعفرآباد اور چاند باغ میں بھی خواتین اوربچوں نے سڑکوں پر دھرنا شروع کردیا ہے

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سی اے اے اور این آر سی کے خلاف ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی کے شاہین باغ میں تحریک اور دھرنے کے بعد جعفرآباد اور چاند باغ میں بھی خواتین اوربچوں نے سڑکوں پر دھرنا شروع کردیا ہے ۔

دوسری جانب شاہین باغ میں سڑک کھلوانے کے لئے سپریم کورٹ کے مقررہ کردہ معاونت کار وجاہت حبیب اللہ نے ایک حلف نامہ داخل کرکے کہا ہے شاہین باغ میں تحریک پرامن ہے اور سڑکیں پولیس نے بند کی ہیں دوسری جانب وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مسلمان ہمارے بھائی اور جگر کا ٹکڑا ہیں۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق شاہین باغ کے بعد اب دہلی کے جعفرآباد میٹرو اسٹیشن کے قریب خواتین سی اے اے اور این آر سی کے خلاف سڑک پر دھرنا دے کر بیٹھ گئی ہیں اور انہوں نے سی اےاے اور این آر سی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے بھیم آرمی کے بھارت بند کال کی بھی حمایت کا اعلان کیا ہے -

دہلی کے جعفرآباد میں اگرچہ پچھلے دو مہینے سے احتجاجی دھرنا جاری تھا لیکن سینچر اور اتوار کی درمیانی رات سے خواتین نے جعفرآباد میٹرو اسٹیشن کے پاس پل کے نیچے دھرنا شروع کردیا ہے ۔

سنیچر کی رات دھرنے کے شروع میں دو تین سو خواتین تھیں لیکن دیکھتے ہی دیکھتے ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا گیا اور پھر بڑی تعداد میں پولیس فورس بھی وہاں تعینات ہوگئی۔

شمال مشرقی دہلی کے ڈی سی پی نے خواتین سے دھرنا ختم کرنے کو کہا لیکن انہوں نے ان کی بات ماننے سے انکار کردیا ۔

دھرنے پر بیٹھی خواتین کے ہاتھوں میں ملک کا قومی پرچم ہے اور وہ سی اے اے اور این آرسی سے آزادی کے نعرے لگارہی ہیں ۔

دھرنے پر بیٹھی خواتین کا کہنا ہے کہ حکومت جب تک سی اے اے کو واپس نہیں لیتی اور این آرسی نافذ نہ کرنے کے بارے میں تحریری طورپر یقین دہانی نہیں کراتی اس وقت تک ان کے مظاہرے جاری رہیں گے ۔

متعدد خواتین کے بازوؤں پرنیلی پٹی بھی بندھی ہوئی ہے اورہ وہ جے بھیم کے نعرے بھی لگارہی ہیں ۔

ہندوستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ جعفرآباد کے بعد دہلی کے چاندباغ میں بھی سی اے اے اور این آر سی کے خلاف سڑک پر دھرنا شروع کردیا گیا ہے دونوں جگہوں پر ٹریفک کے نظام میں مشکلات پیدا ہوگئی ہیں ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں جگہوں پر دھرنے پر بیٹھی خواتین سے بات چیت جاری ہے تاکہ راستہ کھلوایا جاسکے ۔

دوسری جانب سی اے اے اور این آر سی کے خلاف بھیم آرمی چیف چندر شیکھر آزاد کی کال پر اتوار ملک کے مختلف حصوں میں بھارت بند کا اثر دیکھنے کو ملا ۔

ریاست اترپردیش کے مختلف شہروں بالخصوص علی گڑھ اور میرٹھ میں صورتحال کشیدہ بتائی گئی ہے جبکہ ریاست بہار میں بھارت بند کا خاصا اثر دیکھنے کو ملا جس کے نتیجے میں مختلف شاہراہیں اور ریلوے لائنیں بند کردی گئی ہیں ۔

سی اے اے اور این آر سی کے خلاف بھیم آرمی چیف کے بھارت بند کال کی بہار کی بڑی سیاسی جماعت آر جے ڈی نے بھی حمایت کی ہے ۔

دوسری جانب شاہین باغ میں راستہ کھلوانے کے لئے سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ مذاکرات کاروں کے معاون وجاہت حبیب اللہ نے سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کرکے کہا ہے کہ شاہین باغ کی تحریک پرامن ہے اور سڑکیں پولیس نے بند کی ہیں۔

وجاہت حبیب اللہ نے شاہین باغ میں احتجاجی دھرنے کے مقام کا دورہ کیا اور اس صورتحال کا معائنہ کرنے کے بعد اپنا حلف نامہ سپریم کورٹ میں داخل کیا انہوں نے اپنے حلف نامے میں کہا ہے کہ پولیس نے غیر ضروری طور پر ان راستوں کو بند کیا ہے جس سے لوگوں کو مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس سوچ کو مسترد کرتے ہوئے کہ مودی حکومت اقلیتوں کی مخالف ہے کہا کہ مسلمان ہمارے بھائی اور جگر کا ٹکڑا ہیں ۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہے کہ مسلمان ہمارے بھائی اور جگر کا ٹکڑا ہیں اور یہ حکومت شروع سے ہی مسلمانوں کے اندر ڈر اور خوف کو ختم کرنے کا کام کررہی ہے ۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کچھ طاقتیں مسلمانوں میں شبہات پیدا کررہی ہیں لیکن بی جے پی کسی بھی صورت میں مسلمانوں کے خلاف نہیں جاسکتی ۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬