‫‫کیٹیگری‬ :
27 April 2020 - 16:00
News ID: 442589
فونت
حجت الاسلام و المسلمین سید صفی حیدر زیدی:
ھندوستان کی عظیم دینی درسگاہ تنظیم المکاتب کے جنرل سکریٹری نے آیت اللہ شیخ ابراہیم امینی کے انتقال پر تعزیت پیش کی اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظھار کیا ۔

رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر کی لکھنو سے رپورٹ کے مطابق، ھندوستان کی عظیم دینی درسگاہ تنظیم المکاتب کے جنرل سکریٹری حجت الاسلام و المسلمین سید صفی حیدر زیدی نے سرزمین قم ایران کے عظیم المرتبت عالم دین اور سابق امام جمعہ آیت اللہ شیخ ابراہیم امینی (رہ) کے انتقال پر تعزیت پیش کی۔

اس تعزیت نامہ کا پورا متن مندرجہ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

انا للہ و انا الیہ راجعون

موت العالم موت العالم

عالم ربانی، فقیہ صمدانی، مجاہد تحریک انقلاب حضرت آیت اللہ شیخ ابراہیم امینی قدس سرہ کہ جنھوں نے اپنی با برکت عمر علم و عمل، فقہ و اجتھاد اور جہاد میں بسر کی، اسلامی انقلاب سے قبل تحریک انقلاب کے ایک سرگرم رکن تھے اور انقلاب کے بعد امام خمینی قدس سرہ نے آپ کو بعض امور میں اپنا نمایندہ مقرر فرمایا۔ نیز مجلس خبرگان رہبری، مجمع تشخیص مصلحت نظام اور مدیریت حوزہ علمیہ کے رکن کی حیثیت سے آپ کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔ قم مقدس میں مدتوں نماز جمعہ و جماعت کے ذریعہ آپ نے لوگوں کی ہدایت فرمائی۔ تمام تر خدمتوں اور فضیلتوں کے باوجود آپ کی سادگی، حسن اخلاق، تواضع اور انکساری آپ کا امتیاز اور ہم سب کے لئے نمونہ عمل ہے۔

آیت اللہ ابراہیم امینی قدس سرہ مشہور و معروف اہل قلم اور صاحبان تالیف میں سے تھے۔ آپ کے قلمی آثار کی ایک طویل فہرست ہے، آپ کے نزدیک لوگوں کی ہدایت پیش نظر ہوتی تھی اس لئے وہی لکھتے تھے جسکی ضرورت محسوس کرتے تھے۔ اور اس سلسلہ میں اپنے رتبہ کا خیال نہیں رکھتے تھے چنانچہ کمسن بچوں اور نوجوانوں کے لئے آسان زبان میں دینی اور اخلاقی کتابیں تحریر فرمائی جو نہ صرف ایران بلکہ دوسرے ممالک میں بھی پڑھی جا رہی ہیں۔

یقینا آپ کی اچانک وفات سے ایک علمی، فقہی اور انقلابی نقصان ہوا۔ بارگاہ خدا میں دعا ہے کہ آپ کے درجات میں اضافہ فرماے۔ اور تمام پسماندگان و وابستگان کو صبر جمیل و اجر جزیل عطا فرماے۔
حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف، رہبر انقلاب آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای دام ظلہ، مراجع کرام، علماے اعلام، اہل خانہ اور جملہ پسماندگان و وابستگان کی خدمت میں تعزیت عرض ہے۔

 سید صفی حیدر زیدی
سکریٹری تنظیم المکاتب لکھنو
27 اپریل 2020 عیسوی

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬