30 June 2020 - 22:40
News ID: 443045
فونت
حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی :
آستان قدس رضوی کے متولی نے کہا : عوام اور ملک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اقتصادی کوششیں عبادت ہیں ۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی نے کہا کہ ایسی معاشی سرگرمیاں جو ملک کی خود کفالت اور لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے لئے انجام پائیں انہیں محض مادّی سرگرمیاں نہ سمجھا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں کو دینی اور روحانی نگاہ سے دیکھا جانا چاہئے اور روحانی و دینی مسائل کو فقط چند ایک مخصوص اعمال اور مناسک میں محدود نہیں کرنا چاہئے۔

حجت الاسلام والمسلمین مروی کا کہنا تھا کہ خداوند متعال ہرگز پسند نہیں کرتا کہ اسلامی معاشرہ، مومنین اور پیغمبر گرامی اسلام(ص) کی امت کافروں کی محتاج ہو اس لئے ایسی معاشی و اقتصادی سرگرمیاں جن سے ملک اور اسلامی معاشرے کو عزت حاصل ہو ایک طرح کی عبادت ہیں کیونکہ یہ سرگرمیاں کافروں کے مدّ مقابل مومنین کے وقار ،سربلند ی اور استقلال و آزادی کا باعث ہیں لہذا ملک کی معاشی و اقتصادی سرگرمیوں کو انجام دینے والے افراد کو چاہئے کہ وہ اپنی کوشش اور محنت کو قدر کی نگاہ سے دیکھیں او ر انہیں اہمیت دیں کیونکہ یہ سرگرمیاں مذہبی اور روحانی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معیشت اور علم کے میدان میں سرگرم افراد کمر ہمت باندھیں کیونکہ ہم اس بلند مقام تک پہنچ سکتے ہیں کہ مغربی اور یورپی ممالک علم حاصل کرنے کے لئے ایران آئیں اور یہ چیز عقلی لحاظ سے اتنی بعید بھی نہیں ہے کیونکہ تاریخ ایرانیوں کی توانائیوں اور استعداد کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب ایران میں خطی کتابوں کے سینکڑوں نسخوں کے بہت سے کتابخانے اور لائبریریاں موجود تھیں اور یورپ میں کہيں کوئي لائبریری نہیں ملتی تھی۔

آستان قدس رضوی کے متولی نے کہا کہ ملک کے مختلف معاشی شعبوں میں صحتمند ، متدین ، پرعزم اور محب وطن افرادی قوت سرگرم عمل ہے اور اگر یہ مخلص کارکنان جن کا ہدف و مقصد ملک کی عزت و وقار اور آزادی و استقلال ہے آپس میں متحد ہو جائیں تو بہت بڑی طاقت ابھر کر سامنے آئیں گے اور پھر یہ اتحاد دلالوں اور منافع خوروں کے مافیا گروہوں کو شکست دے سکتا ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ اس وقت یہ قوت منتشر ہے ۔

حجت الاسلام والمسلمین مروی نے اس بات پر زور دیا کہ حق کے حامی ثابت قدمی کے ساتھ میدان میں آئیں تو یقیناً کامیاب ہوں گے ، ہم یقیناً ایسی بلندیوں پر پہنچ سکتے ہیں کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک بھی ہمارے تجربات اور علم سے استفادہ کرنا چاہیں گے اور ہم اس بات پر یقین اور ایمان رکھتے ہیں۔

آخر میں آستان قدس رضوی کے متولی نے کہا کہ اسلامی انقلاب کے بعد کی علمی وسائنسی ترقی اور صنعتی کارنامے ملت ایران کی طاقت و توانائی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬