15 January 2014 - 13:32
News ID: 6328
فونت
پاکستان کے مختلف شھروں میں؛
رسا نیوز ایجنسی - پاکستان کے مختلف شھروں کے شیعوں نےعید میلاد النبی(ص) کے جلوسوں کا شاندار استقبال اور شرکت کر کے شیعہ و سنی اتحاد کی بے مثال رسم قائم کردی ۔
جلوسوں محمدي پاکستان جلوسوں محمدي پاکستان


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، شیعہ علماء کونسل پاکستان سمیت مختلف شیعہ تنظیموں، جماعتوں، انجمنوں اور اداروں کے زیراہتمام 12 ربیع الاول کے موقع پر لاہور، راولپنڈی، کراچی، ملتان، کوئٹہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں اہل سنت بھائیوں کے ہمراہ عید میلاد النبی کی ریلیاں نکالی گئیں اور ان جلوسوں میں شیعوں نے بھرپور شرکت  کرکے اتحاد امت کا فقید المثال مظاہرہ کیا ۔


کراچی میں نمائش چورنگی پر نکالی گئی « لبیک یارسول اللہ » ریلی میں بڑی تعداد میں شیعہ و سنی افراد نے شرکت کی اور « لبیک یارسول اللہ » کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔


ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی دفاتر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت مختلف ریاستی دفاتر  کو چراغاں کیا گیا اور ملک بھر میں جلوسوں کیلئے سبیلیں لگائی گئیں نیز بارہ ربیع الاول کے موقع پر تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ملک بھر میں ہونے والی بیشتر کانفرنسز میں مجلس وحدت مسلمین کے قائدین نے شرکت کی اور خطابات کئے ۔


تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مینار پاکستان پر ہونے والی کانفرنس اور ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی سیرت کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام محمد امین شہیدی نے شرکت کی اور کانفرنس سے خطاب کیا۔


راولپنڈی میں مرکزی جلوس میں ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے اسٹال لگایا گیا اور نعت خوانی کے مقابلے کرائے گئے، نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے نعت خوانوں میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔


مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام گلگت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میلاد النبی (ص) کا سب سے بڑا پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں سنی شیعہ اکابرین نے شرکت کرکے اتحاد و وحدت کا بہترین مظاہرہ کیا ۔


ملتان میں ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام سی آئی ڈی آفیسر چوہدری اسلم اور ہنگو کے شہید طالب علم اعتزاز حسن کی یاد میں چراغاں کیا گیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔


آزاد کشمیر میں بھی ایم ڈبلیو ایم کی قیادت نے ربیع الاول کی مناسب سے ریلی میں پھرپور شرکت کے دوران کہا: میلاد کے جلوسوں میں شیعہ سنی بھرپور شرکت نے ثابت کر دیا ہے کہ ملک میں شیعہ سنی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، فقط چند مٹھی بھر دہشتگرد اور تکفیری سوچ کے حامل افراد ہیں، جنہوں نے پورے ملک کے امن کو غارت کر دیا ہے۔ اگر ریاست اپنی بھرپور طاقت کے ساتھ ملک دشمن عناصر کیخلاف کارروائی کرے تو ان کا سدباب کیا جاسکتا ہے۔


انہوں نے مزید کہا: آج ملک میں کوئی محفوظ نہیں، کبھی فوجیوں پر تو کبھی سویلینز پر حملے ہوتے ہیں۔ طالبان وطن عزیز کے غدار ہیں، جنہیں بھرپور طاقت سے کچلا جائے۔ اس موقع پر ملک میں امن و امان کے حوالے سے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔


اہلسنت و اہل تشیع علماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا : عاشقان محمد (ص) و آل محمد (ص) سنی شیعہ مسلمان پاکستان بھر میں اسلام و پاکستان دشمن اور امریکی، سعودی ایماء پر دہشتگردانہ کاروائیاں کرنیوالے تکفیریوں اور دہشتگرد طالبان کیخلاف متحد ہیں۔


ضلع ملیر میں ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے استقبالیہ کیمپس پر خطاب کرتے ہوئے مختلف اہلسنت و اہل تشیع علماء کرام نے کہا : امریکہ و اسرائیل کی ایماء ہر دہشتگرد تکفیری عناصر امت مسلمہ میں تفرقہ ایجاد کرنے کی ناپاک سازشیں کرنے میں مصروف ہیں، مگر پاکستان بھر میں جشن عید میلاد النبی (ص) کے جلسے جلوسوں میں سنی شیعہ مسلمانوں کی بھرپور شرکت نے عالمی استعمار امریکہ و اسرائیل کے نمک خوار ایجنٹ دہشتگرد تکفیری عناصر کے منہ پر ناصرف تمانچہ مارا ہے بلکہ انہیں ذلیل و رسوا کرکے ماضی کی طرح ان کی تمام سازشںوں کو ناکام بنا دیا ہے۔


علماء کرام نے کہا : مملکت خداداد پاکستان میں فرقہ وارایت نہیں ہے بلکہ دہشتگرد تکفیری ٹولہ عالمی سامراج امریکہ کے ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو بھی عراق اور شام بنانا چاہتا ہے۔


جشن عید میلاد النبی (ص) کے جلوسوں میں بھرپور شرکت کرنے پر سنی شیعہ عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا : کراچی سمیت ملک بھر میں عاشقان و غلامان حضرت محمد مصطفٰی (ص) اور اہلبیت اطہار (ع) نے جس طرح اپنے عشق محمد (ص) کا مظاہرہ کیا ہے، اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ سنی شیعہ مسلمان اسلام و پاکستان دشمنوں اور امریکی سعودی ایماء پر دہشتگردانہ کارروائیاں کرنے والے تکفیری طالبان کے خلاف متحد ہیں، لہٰذا حکومت بھی دہشتگرد طالبان کے ساتھ مزاکرات کرنے کے بجائے دہشتگردوں کے خلاف فی الفور آپریشن کا آغاز کرے۔


گلگت میں ہفتہ وحدت کے حوالے سے سنی اتحاد کونسل اور ایم ڈبلیو ایم گلگت ڈویژن کے زیراہتمام ایک مقامی اسکول میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شیعہ و سنی علماء کے علاوہ سینکٹروں کی تعداد میں  تمام مکاتب فکر افراد نے خصوصی شرکت کی۔


اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ منظور قادری اور مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام شیخ نیئر مصطفوی نے اپنے خطاب میں اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور امن کے پیغام کو معاشرے میں پھیلانے کیلئے ملکر جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب میں مختلف نعت خواں حضرات نے بارگاہ رسالت (ص) میں عقیدت کے پھول بھی نچھاور کئے۔


رنگ محل چوک لاہور میں ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے لگائے گئے استقبالیہ کیمپ میں جلوس کے شرکاء پر گل پاشی کی گئی اور انہیں دودھ پلایا گیا، اس موقع پر لاہور کی فضا درود و سلام کی صدائوں سے گونجتی رہی۔


اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ آغا سید مبارک علی موسوی اور دیگر علماء کی قیادت  میں سینکڑوں کارکنوں نے جلوس کا استقبال کرتے ہوئے کہا: تکفیری گروہ نے شیعہ اور سنی میں نفاق ڈالنے کی کوشش کی لیکن آج اسلام اور پاکستان کے دشمن دیکھ لیں کہ پورے پاکستان میں شیعہ اور سنی متحد ہیں اور مل کر میلاد مصطفی (ص) منا رہے ہیں۔


اہلسنت رہنمائوں نے اپنے احساسات کا اظھار کرتے ہوئے کہا : جو بھی نبی کا امتی ہے وہ ہمارا بھائی ہے اور جنہوں نے شیعہ اور سنی میں نفاق ڈالنے کی کوشش کی آج وہ ناکام ونامراد ہوئے ہیں، پاکستان میں شیعہ اور سنی کا کوئی اختلاف نہیں ہم سب ایک خدا، ایک رسول، ایک کتاب اور ایک قبلہ کے ماننے والے ہیں جنہوں نے ماضی میں ہمارے درمیان نفرتین کاشت کیں وہ آج ذلیل و رسوا ہو رہے ہیں اور انشاء اللہ نام نہاد دہشت گرد گروہ جو خود کو اہلسنت والجماعت کہتا ہے اس کا اہلسنت سے کوئی تعلق نہیں ہم عنقریب عدالت سے یہ ثابت کرائیں گے کہ وہ اہلسنت نہیں بلکہ خارجی ہیں جن کا اسلام سے بھی کوئی تعلق نہیں کیوں کہ اسلام امن شانتی کا مذہب ہے لیکن ان کے نظریات اسلام کے برعکس ہیں وہ مزاروں اور درباروں پر حملے کرتے ہیں، قرآن مجید کی توہین کرتے ہیں، امام بارگاہوں کو نشانہ بناتے ہیں مسجدیں جلاتے ہیں ایسے افعال کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔


دوسری جانب پاکستان کے نامور شیعہ عالم دین حجت الاسلام سید جواد نقوی کی خصوصی ہدایت پر شیعہ دینی مرکز جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے اساتذہ و طلباء کی کثیر تعداد نے عید میلاد النبی(ص) کے سلسلہ میں برآمد ہونے والے جلوس کا استقبال کیا اور ان پر پھول نثار کئے ۔


اس کے علاوہ لندن میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام بارہ ربیع الاول کے حوالے سے ریلی نکالی گئی، جس میں لندن میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


واضح رہے کہ امسال عید میلادالنبی (ص) کے موقع پر پاکستان میں شیعہ سنی وحدت کی بے مثال تصویر دیکھنے میں آئی اور پاکستان بھر میں اہل تشیع کی جانب سے اہلسنت بھائیوں کے ساتھ ہی عید میلادالنبی منائی گئی اور اہل تشیع کی کثیر تعداد نے میلاد النبی (ص) کے جلوسوں میں شرکت کی اور استقبالیہ کیمپ لگائے۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬