22 July 2014 - 16:40
News ID: 7044
فونت
غزہ پر صیہونی جارحیت کیخلاف؛
رسا نیوز ایجنسی – مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے غزہ پر ہونے والے حالیہ صھیونی حملوں کے خلاف پاکستان کے مختلف شھروں میں احتجاجی مظاہرے اہتمام کیا اور غزہ کی مظلوم عوام کے ساتھ ہمدردی کا اظھار کیا ۔
غزہ

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین ناصر عباس جعفری کی اپیل پر راولپنڈی، لاہور، کراچی اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے کئی شہروں میں غزہ میں جاری صیہونی بربریت کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کئے گئے ۔


راولپنڈی پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاھرے میں شریک سیکڑوں مظاہرین نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے اور اسرائیلی پرچموں کو نذر آتش کیا ۔


مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی ترجمان حجت الاسلام اصغر عسکری نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا : غزہ کے ایشو پر عالم اسلام اور بالخصوص عرب ممالک کی خاموشی قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔


انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ ابتک صیہونی فوج کی کارروائیوں میں پانچ سو سے زائد مظلوم فلسطینی شہید ہوچکے ہیں کہا: امام خمینی (رہ) کے حکم پر جمعۃ الوداع کو عالمی یوم القدس منایا جائیگا اور ملک گیر عظیم الشان ریلیاں نکالی جائیں گی۔


حجت الاسلام عبدالخاق اسدی نے دو روز قبل ایم ڈبلیو ایم اسلام آباد کے جنرل سکریٹری ظہیر نقوی سمیت دو محافظوں اور ایک ڈرائیور کے اغوا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا : مجلس وحدت مسلمین کے چاروں کارکنان کو راولپنڈی پولیس نے اٹھایا ہے، ہمیں سیاسی مخالفت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اگر ان اہلکاروں کو رہا نہ کیا گیا تو پنجاب حکومت کے خلاف سخت اقدام کریں گے۔


دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور اسرائیل مردہ باد کے نارے لگائے ۔


مظاھرے میں شریک مظاہرین نے غزہ پر ڈھائے جانے والی صیہونی مظالم کے خلاف نعرے بلند کر تے ہوئے غزہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کا ذمہ دار عالمی سامراج اور شیطان بزرگ امریکہ کو قرار دیا ۔


مقررین نے مظاہرین سے خطاب میں فلسطینیوں کی مدد اور نصرت کرنا ہر مسلمان پر فرض بتایا اور کہا : ہم فلسطینیوں کی مدد اس وقت تک کرتے رہیں گے جب تک مسلمانوں کا قبلہ اول بیت المقدس بازیاب نہیں کروا لیا جاتا ۔


انہوں نے حالیہ دنوں غاصب اسرائیل کی جانب سے غزہ کے نہتے اور معصوم عوام پر جاری انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں اور بالخصوص اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو رکوانے میں مثبت کردار ادا کریں ۔


مقررین نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ مسلم ممالک کے حکمرانوں نے غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرنے کے بعد خواب غفلت اختیار کرلی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے کہا: عرب مسلم ممالک جن میں ترکی سمیت دیگر شامل ہیں ایک طرف تو غاصب اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کئے ہوئے ہیں تو دوسری جانب اپنے عوام کو بے وقوف بنانے کے لئے چند ملین ڈالروں کی امداد کا اعلان بھی کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔


انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ عالمی برادری سمیت مسلم ممالک اور عربوں کو دہرا معیار ختم کرنا ہوگا اور فلسطینیوں کی آزادی کے لئے سنجیدہ جدوجہد کرنا ہوں گے کہا: پاکستان کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر مناتے ہوئے گھروں سے نکل آئیں اور یوم القدس کے لئے نکالی جانے والی فلسطینی حمایت کی احتجاجی ریلیوں میں شریک ہوکر عالمی سامراجی قوتوں امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بن جائیں۔


مجلس وحدت مسلمین گلگت نے بھی غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اور غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں امامیہ جامع مسجد سے احتجاجی ریلی نکالی جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی بے نظیر چوک پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔


مقررین نے مظاھرین سے خطاب میں یہ کہتے ہوئے کہ فلسطینی مسلمانوں  پر اسرائیل کی جانب سے ہونے والی وحشیانہ بربریت پر عرب دنیا کی خاموشی مسلم امہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہا: عرب ممالک شام اور عراق میں  دہشت گردوں  کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں اور مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانیوالے مظالم کے خلاف خاموشی دراصل عرب ممالک کا اسرائیل کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے ، ان ممالک کو مسلمانوں  سے زیادہ یہودیوں کے مفادات زیادہ عزیز ہیں ۔


انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسرائیل آج مسلمانوں کی خاموشی اور بزدلی کی وجہ سے تند و تیز حملوں کے ذریعے غزہ میں معصوم بچوں کا قتل عام کر رہا ہے کہا: اگر آج امت مسلمہ ایک پرچم تلے جمع ہو جائیں تو ان کی ایک للکار سے اسرائیل نیست و نابود ہو جائے گا۔


مقررین نے اسرائیل کو امریکہ کی ناجائز اولاد بتاتے ہوئے کہا کہ امریکہ ہر محاذ پر اسرائیلی حملوں کا دفاع کرتا رہا ہے اور ہمارے مسلم حکمران اسی امریکہ کے آگے سر جھکاتے رہے ہیں تاکید کی : امریکہ ہی اسرائیل کا پشت پناہ اور اس کے ہر اقدام کا مکمل حامی ہے ۔


انہوں نے اخر میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی عوام کو اسرائیل کی بربریت سے نجات دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬