23 July 2014 - 17:59
News ID: 7047
فونت
پاکستان کے شیعہ و سنی علماء نے مشترکہ بیان میں؛
رسا نیوز ایجنسی - متحدہ علماء محاذ پاکستان کی دعوت پر راولپنڈی پریس کلب میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے القدس آل پارٹیز پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔
شيعہ و سني علماء غزہ

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی و جنرل سکریٹری مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر القدس آل پارٹیز پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں امام حسین کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر غضنفر مہدی، سید اظہار بخاری، مولانا عبدالجلیل نقشبندی، نثار المصطفٰی باغدوری، پیر عظمت اللہ سلطان قادری، مفتی عبدالشکور فاروقی، حیدر علوی، سلیم حیدر، علی موسوی، مفتی محمد یونس محمدی، مولانا وحید الرحمن شاہ، سید علی اکبر کاظمی، سید جمیل شاہ، خالد محمود نے شرکت کی ۔


مولانا محمد امین انصاری نے پریس کانفرنس کا مسودہ پڑھ کر سنایا اور مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں سے جمعۃ الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس دینی غیرت اور جذبے کے ساتھ منانے کا مطالبہ کیا ۔


انہوں نے پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے اسرائیلی مظالم رکوانے کیلئے اقوام متحدہ اور اسرائیل پر زور ڈالنے نیز اپنے اپنے ممالک کیجانب سے نہتے مظلوم فلسطینیوں کی امداد و نصرت کیلئے فوجی دستے بھیجنے کیلئے متفقہ پر زور مطالبات کئے۔  


مولانا انصاری نے کہا: امسال عالمی یوم قدس کے موقع پر ملک بھر میں اسرائیلی جارحیت، انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کے خلاف نیز مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا اور اسرائیل و امریکہ کے پرچم نذر آتش کئے جائیں گے۔ 


رہنماﺅں نے اقوام متحدہ سے انسانیت کے قاتل، اسرائیل کی رکنیت ختم کرنے، او آئی سی اور مسلم حکمرانوں سے قبلہ اول بیت المقدس پر قابض اسرائیل کے خلاف شرعی جہاد کرنے، فلسطین کے حساس مسئلے پر فی الفور اسلامی سربراہ کانفرنس بلوانے، پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے اسرائیلی مظالم رکوانے کیلئے اقوام متحدہ اور اسرائیل پر زور ڈالنے اور اپنے اپنے ممالک کی جانب سے نہتے مظلوم فلسطینیوں کی امداد و نصرت کیلئے افواج کے دستے بھیجنے کیلئے متفقہ پرزور مطالبات کئے۔


انہوں ںے یہ کہتے ہوئے کہ اسرائیلی مظالم عالم اسلام کی غیرت ایمانی کیلئے کھلا چیلنج ہیں، فلسطین کے مسلمانوں کو مظالم سے نجات دلانے کیلئے کردار حسینی کو زندہ کرنا ہوگا کہا: اسرائیل نے انسانی تاریخ میں ظلم و بربریت کا نیا خونی باب رقم کیا ہے، نام نہاد تحفظ حقوق انسانی کے عالمی ادارے جانبدار بن کر مجرمانہ چشم پوشی و خاموشی کا مظاہرہ کرنا چھوڑ دیں ۔


انہوں نے قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینی مسلمانوں کو اسرائیل کے وحشیانہ مظالم سے نجات دلانے کیلئے شرعی جہاد کو ضروری قرار دیا اور کہا: جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منانے کا امام خمینی کا اعلان دور اندیشانہ، جرتمندانہ اور قابل تقلید و ستائش ہے ۔


انہوں نے ضرب عضب آپریشن کی تاحال مسلسل کامیابیوں پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہداء کیلئے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی اور کہا : ضرب عضب آپریشن کے باعث الحمد للہ پاکستان کے تمام شہروں سے یوم علی کے موقع پر جلوس پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے، جس پر افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے لائق تحسین ہیں، پوری قوم بشمول علماء دہشت گردی کے خلاف افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬