23 May 2015 - 19:01
News ID: 8164
فونت
حجت الاسلام ناصر عباس جعفری:
رسا نیوز ایجنسی ـ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا : ظالم و جابر حکمرانوں کیخلاف کلمہ حق بلند کرنا اور استحصالی نظام کیخلاف میدان میں حاضر رہنے کا نام حسینیت ہے۔
حجت الاسلام ناصر عباس جعفري


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے اسکردو میں یوم الحسین (ع) کی مناسبت سے منعقدہ عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے کہا : ظالم و جابر حکمرانوں کیخلاف کلمہ حق بلند کرنا اور استحصالی نظام کیخلاف میدان میں حاضر رہنے کا نام حسینیت ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام کے پیروکار وہی ہیں جو باطل قوتوں کیخلاف قیام کریں، دنیا میں ظالم قوتوں سے ٹکرانے کی ہمت حسینیوں کے علاوہ کسی کے پاس نہیں، حسینیت انسانیت کی بقا کا نام ہے۔

حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے بیان کیا : امام عالی مقام نے ظالمانہ نظام کیخلاف سر جھکانے سے سر کٹانے کو ترجیح دی، امام حسین (ع) وہ الہٰی شخصیت ہیں جنہوں نے جرات و ہمت، شجاعت و بہادری اور ایثار و قربانی کو معراج عطا کی۔ امام حسین (ع) وہ ہستی ہیں، جنہوں نے الہٰی اقدار اور اعلٰی انسانی اقدار کو حیات نو دی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے کہا : غیرت، شجاعت، ایثار، قربانی، وفا، دیانت، ظلم کے مقابلے میں قیام اور دیگر انسانی اوصاف مر چکے ہوتے، اگر امام عالی مقام  کربلا میں قیام نہیں کرتے۔

انہوں نے بیان کیا : دنیا بھر میں اٹھنے والی حریت پسند تحریکیں دراصل امام عالی مقام (ع) کے قیام کی مرہون منت ہیں، دنیا بھر کی حریت پسند تحریکوں کی توانائی اور قوت کا مرکز کربلا ہے، کربلا نے انسانیت کو دوام بخشا اور انسانوں کو اپنے سے مضبوط ترین ظالموں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا حوصلہ دیا۔

حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے کہا : آج وطن عزیز پاکستان میں یزیدی قوتیں دہشتگردوں کے روپ میں سر اٹھا رہی ہیں۔ ہر طرف قتل و غارت، دہشتگردی، ظلم و ناانصافی اور بے راہروی کا دور دورہ ہے۔ یہ شیطانی قوتیں چاہتی ہیں کہ پاکستان میں اسلام کا چہرہ مسخ ہوجائے، پاکستان عدم استحکام کا شکار ہو، پاکستان را اور موساد کی چراگاہ بن جائے۔

انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : اس وقت کے یزیدیوں کی کوشش ہے کہ پاکستانی ایک دوسرے کے دشمن بن جائیں اور وطن عزیز خانہ جنگی کیطرف بڑھے، یوں وطن عزیز کی سالمیت خطرہ میں پڑ جائے، لیکن شاید یزیدی قوتوں کو علم نہیں کہ حسینی پاکستان کی سرزمین میں موجود ہیں۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے بیان کیا : ہماری فوج اور عوام ان دہشتگردوں کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ کربلا سے درس حریت لیتے ہوئے ان شیطانی طاقتوں کا مقابلہ کرکے انکو تاریخی شکست دی جائیگی۔ وہ دن دور نہیں کہ جب ہماری دھرتی امن کا گہورا بن جائے اور امت مسلمہ کی قیادت کرنے کی اہل ہوگی۔

حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے کہا : ہم گلگت بلتستان کی سرزمین پر عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، تاکہ یہاں ظلم و ناانصافی کا خاتمہ اور حقوق سے محروم، غریب، مستضعف عوام کو انکے حقوق میسر ہوں۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬