05 March 2016 - 13:11
News ID: 9140
فونت
حجت الاسلام نیاز حسین نقوی:
رسا نیوز ایجنسی - وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر نے جامعة المنتظر ماڈل ٹاﺅن لاہور کی علی مسجد میں ہونے والے جمعہ کے خطبہ میں، گذشتہ ہفتے ہونیوالے ایرانی انتخابات کے نتائج کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا: ایران میں اصلاح پسندوں کو نہیں انقلاب دوستوں کو کامیابی ملی ہے ۔
حجت الاسلام نياز حسين نقوي 9 واں پارليمنٹ اليکشن


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر حجت الاسلام نیاز حسین نقوی نے جامعة المنتظر ماڈل ٹاﺅن لاہور کی علی مسجد میں نماز جمعہ کے خطبہ میں ایام فاطمیہ کی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا: ایران میں اصلاح پسندوں کی نہیں انقلاب دوستوں کی فتح ہوئی ہے ۔


انہوں نے عالمی میدانوں میں موجود ایران کی موجودہ قیادت کے حوالے سے پروپگنڈے کی نفی کرتے ہوئے کہا: کامیابی حاصل کرنیوالی جماعتیں اور اراکین ، اسلام، ایران اور رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے وفادار ہیں ۔


حجت الاسلام نقوی نے دختر رسول اسلام حضرت فاطمة الزہراء علیہا السلام کے حالات زندگی بیان کرتے ہوئے کہا : خدا نے پیغمبر (ص) کو یہ عظیم المرتبت صاحبزادی عطا کرکے عورت کی عظمت میں اضافہ کیا، جس عرب کے سنگدل معاشرہ میں عورت کے وجود کو ننگ و عار سمجھا جاتا تھا اس میں ام الحسنین (ع) کی ولادت کے وقت حضرت مریم، حضرت آسیہ اور دیگر جلیل القدر خواتین کیساتھ جنت کی 2 حوروں کو تحفوں کے ساتھ ان کی والدہ ماجدہ حضرت خدیجتہ الکبریٰ (س) کے پاس بھیجا، جبکہ اپ کی ولادت کے موقع پر مکہ نور سے منور ہوگیا ۔


انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ عورت دینی تعلیم کی دنیا میں درجہ اجتہاد تک جاسکتی ہے اس کے مرجع تقلید بننے پر بھی کوئی پابندی قرآن و حدیث سے ثابت نہیں ہے کہا: عورت کو اسلام نے جس قدر حقوق دئیے ہیں اس کے بعد کسی مزید قانون بنانے کی ضرورت نہیں ہے ۔


ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی نائب صدر نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ اسلام نے بیٹیوں کو رحمت قرار دیا ہے کہا: پیغمبر اکرم(ص) کے حکم سے مسلمان عورتیں حضرت فاطمتہ الزہرا (ع) سے علم حاصل کرتیں، ان میں سے بعض صحابیات علم کے اعلیٰ مدارج پر فائز بھی ہوئیں ۔


انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ دختر رسول(ع) کی عظمت اور قدر و منزلت کا اندازہ ان کی ایک کنیز حضرت فضہ کے علم و کمال سے کیا جا سکتا ہے کہا: وہ روزمرہ زندگی میں بھی قرآن کے ذریعہ گفتگو فرماتی تھیں اور ایک اہم علمی مشکل حل کرنے پر خلیفئہ وقت کو اس کنیز کے علم و فضل کی داد دینا پڑی ۔


حجت الاسلام نقوی نے خواتین کے حقوق کی وضاحت میں اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: علمی ترقی اور کمالات کے حصول کیلئے عورت پر کوئی پابندی نہیں ہے اور تبلیغ و نشر و اشاعت دین میں بھی اسے پوری آزادی حاصل ہے ۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬