14 April 2016 - 01:39
News ID: 9262
فونت
رسا نیوز ایجنسی - ماہ رجب کی پہلی شب جمعہ کو لیلۃ الرغائب رغبتوں والی رات کہا جاتا ہے ، اس شب کیلئے رسول اسلام (ص) سے خاص اعمال نقل ہوئے ہیں جس کا سید نے اقبال الاعمال اور علامہ مجلسی نے اجازہ بنی زھرہ میں ذکر کیا ہے ۔ لیلۃ الرغائب کے معنی:
دعا

 

لیلۃ الرغائب کے معنی زیادہ عطا کرنے والی رات کے ہیں ، کیوں کہ خداوند متعال کے نزدیک اس مبارک رات کی بہت اہمیت ہے ، اس دن روز رکھنے والے ، اس رات نماز ادا کرنے والے ، شب بیداری کرنے والے ، دعا و عبادت و عمل صالح انجام دینے والے کا اجر و ثواب بڑھ جاتا ہے ۔ اس رات ، روزدار اور توبہ کرنے والے کی حاجتیں پوری ہوتی ہیں ، لھذا ملائکہ نے اس کا نام لیلۃ الرغائب رکھا ہے ۔


رسول اسلام (ص) کا ارشاد ہے کہ ملائکہ نے ان اس رات کا نام اس لئے لیلۃ الرغائب رکھا کہ جب رات کا ایک تہائی حصہ گزرجاتا ہے تو زمین و آسمان کے تمام ملائکہ خانہ کعبہ اور اس کے اطراف میں یکجا ہوجاتے ہیں اور پھر ارشاد پرودگار ہوتا ہے " اے ملائکہ تمہیں ہم سے جو مانگنا ہو مانگ لو ۔


رسول اسلام(ص)  فرماتے ہیں: خدا کی قسم جس کے ہاتھوں میں میری جان ہے ، اس نماز کو ادا کرنے والے ہر بندے اور کنیز خدا کی گناہیں بخش دی جائیں گی چاہے وہ متلاطم سمندر کے جھاگ کے مانند ہی کیوں نہ اور اس نماز کا ادا کرنے والا اپنے گھرانے کے سات سو لوگوں کی شفاعت کرے گا جو جہنم کے حق دار ہوں گے ۔


نیز منقول ہے کہ موت کے بعد اس نماز کا پڑھنے والا اسے ایک خوبرو جوان کی شکل میں دیکھے گا جو کہے گا کہ خوشخبری ہو تجھے کہ تونے ہر سختی سے نجات پالی ہے، وہ شخص پوچھے گا تو کون ہے ؟ خدا کی قسم تجھ سے زیادہ خوبصورت ، شیرین کلام اور خوشبو والا کوئی نہیں دیکھا ؟ وہ جواب دے گا میں تیری وہ نماز ہوں اور اس کا ثواب ہوں جو تونے فلاں سال کے فلاں ماہ کی فلاں رات میں پڑھی تھی ، آج میں تیرے حق کی ادائیگی کے لئے حاضر اور اس وحشت و تنہائی میں تیرا ھمدم و غمخوار ہوں نیز کل روز قیامت جب صور پھونگا جائے گا تو اس وقت میں تیرے سر پر سایہ کروں گا ، پس خوش و خرم رہ کہ خیر و نیکی کبھی تجھ سے دور نہ ہوگی ۔


اس با برکت نماز کی ترکیب یہ ہے کہ ماہ رجب کی پہلی جمعرات کو روزہ رکھے اور شب جمعہ میں مغرب و عشاء کے درمیان بارہ رکعت نماز دو دو رکعت کرکے پڑھے ۔ ہر رکعت میں سورہ حمد کے بعد تین مرتبہ انّا اَنزَلناہُ اور بارہ مرتبہ قُل ھُو اللہُ اَحد پڑھے ، نماز سے فارغ ہو کر ستر مرتبہ " اللھُم صَلّ علیٰ محمّدِ النبیِّ الاُمِّی وَ علیٰ الِہ " کہے اور پھر سجدے میں جا کر ستر مرتبہ " سُبُّوح قُدُّوس رَبُّ المَلائِکَۃِ وَ الرُّوحِ " کہے ، پھر سجدے سے سر اٹھا کرستر مرتبہ " رَّبِّ اغفِر وَ ارحَم وَ تَجَاوَز عَمّا تَعلمُ اَنَّکَ اَنتَ العَلیُ الاَعظَمُ " کہے ، پھر سجدے میں جائے اور ستر مرتبہ " سُبُّوح قُدُّوس رَبُّ المَلائِکَۃِ وَ الرُّوحِ " کہے ، اس کے بعد اپنی حاجت طلب کرے  انشاء اللہ پوری ہوگی ۔

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬