حسین امیر عبداللہیان :
یورپی ممالک کو ہر مسئلہ میں امریکہ کی ہاں میں ہاں نہیں ملانی چاہیے

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے بین الاقوامی امور کے مشیر حسین امیر عبداللہیان نے فرانس کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ یورپی ممالک کو امریکہ کے یکطرفہ فیصلوں کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

اطلاعات کے مطابق تہران میں تعینات فرانس کے سفیر نے حسین امیر عبدالہیان کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی ۔ اس ملاقات میں امیر عبداللہیان نے ایران اور فرانس کے درمیان دیرینہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی روابط میں فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملےگی۔

امیر عبداللہیان نے کہا کہ فرانسیسی حکام کو دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینی چاہیے۔

انھوں نے امریکہ کی یکطرفہ پالیسیوں کے بارے میں یورپی ممالک کی رفتار پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک کو امریکہ کے یکطرفہ فیصلوں کا مقابلہ کرنا چاہیے اور ہر مسئلہ میں امریکہ کی ہاں میں ہاں نہیں ملانی چاہیے۔

اس ملاقات میں فرانس کے سفیر نے خطے کی سلامتی میں ایران کے اہم اور مؤثر نقش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کی طرف سے مشترکہ ایٹمی معاہدے کی حمایت جاری ہے اور فرانس دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو فروغ دینے کا خیر مقدم کرتا ہے۔