‫‫کیٹیگری‬ :
17 November 2016 - 22:44
News ID: 424520
فونت
عراق اور دوسرے ممالک کی کربلا آنے والی خدماتی اور ماتمی انجمنوں کے لئے اربعین امام حسین علیہ السلام ۱۴۳۸ھ کے لئے خصوصی تعلیمات اور گزارشات جاری کی ہیں ۔
ماتمی انجمن

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کے شعائر اور حسینی انجمنوں کے سیکشن نے عراق اور دوسرے ممالک کی کربلا آنے والی خدماتی اور ماتمی انجمنوں کے لئے اربعین امام حسین علیہ السلام ۱۴۳۸ھ کے لئے خصوصی تعلیمات اور گزارشات جاری کی ہیں ۔

تعلیمات اور گزارشات پر عمل درآمد کے ذریعے چہلم کے جلوسوں، عزاداری، زیارت اربعین کی دوسری عبادتی رسومات کی ادائیگی اور زائرین کی حرموں میں آمد ورفت میں زیادہ سے زیادہ آسانی پیدا کی جا سکے۔

مذکورہ سیکشن کے سربراہ جناب ریاض منعم سلمان نے بتایا ہے کہ ان گزارشات اور تعلیمات کو پمفلٹ کی صورت میں چھاپ کر کے کربلا میں موجود تمام خدماتی انجمنوں و مواکب اور چہلم کے موقع پر جلوسِ عزاء میں شامل ہونے والے تمام مواکب تک پہنچا دیا گیا ہے۔

وہ غیر ملکی انجمنیں جو چہلم امام حسین علیہ السلام کے موقع پر جلوسِ عزاء میں شریک ہوں گی یا کربلا میں خدمات سر انجام دیں گی ان کو بھی پہلے سے یہ تعلیمات ارسال کر دی گئی ہیں۔ اربعین امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے جاری کردہ تعلیمات و گزارشات کے اہم نکات یہ ہیں:

  • تمام انجمنوں، مواکب اور خدماتی تنظیموں کی انتظامیہ سے پہلے وقت میں نماز کے قیام کی استدعا کی جاتی ہے اور اسی طرح نماز کے دوران لاؤڈ سپیکر کے استعمال سے گریز کی گزارش کی جاتی ہے۔
  • کسی بھی پارک، باغ اور چوراہوں کے درمیان بنے ہوئے لانز میں اور سڑکوں کے درمیان میں بنے فٹ پاتھز پر موکب یا خدماتی کیمپ لگانا ممنوع ہے۔
  • تمام زائرین اور اہلِ مواکب کے لیے کربلا میں لگے تمام پودوں اور درختوں کی حفاظت ضروری ہے۔
  • ہر ماتمی انجمن صرف ایک مرتبہ اپنا جلوسِ عزاء دونوں حرموں میں لے جا سکتی ہے اور وہ بھی فقط اس وقت میں کہ جو مذکورہ سیکشن کی طرف سے اس کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
  • زنجیر زنی کے جلوسوں کے لیے 16 اور 17صفر جبکہ ہاتھ سے ماتم کے جلوسوں کے لیے 18 اور 19صفر کا دن مختص کیا گیا ہے۔
  • ہر ماتمی انجمن کے جلوس کو حرموں میں داخلے کے لئے جو وقت دیا گیا ہے اس وقت میں اس کا شارع باب قبلہ امام حسین علیہ السلام کے بیرونی گیٹ پر ہونا ضروری ہے۔
  • ہر انجمن کا جلوس روضہ مبارک امام حسین علیہ السلام کے باب قبلہ سے داخل ہو کر باب قاضی الحاجات سے باہر نکلے گا اور ما بین الحرمین سے ہوتا ہوا روضہ مبارک حضرت عباس علیہ السلام میں داخل ہو گا اور وہاں سے باہر نکلنے کے بعد اپنے اپنے مراکز کی طرف روانہ ہو جائے گا۔
  • تمام ماتمی انجمنوں سے گزارش ہے کہ وہ دونوں حرموں میں نوحہ خوانی اور ماتمی داری کے لئے نہ رکیں کیونکہ حرموں میں داخلے کے لیے انتظار میں کھڑے ہزاروں انجمنوں پر مشتمل جلوس میں شامل لاکھوں عزاداروں کی تعداد کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایسا کرنا ممکن نہیں ہے۔
  • ہر انجمن کے صدر کے لئے ضروری ہے کہ وہ کربلا پولیس کی طرف سے انجمن کے لئے جاری لائسنس اور شعائر اور حسینی انجمنوں کے سیکشن کی طرف سے دئیے جانے والے شناختی کارڈ کو اپنے پاس رکھے اور مقررہ مقامات پر انہیں انتظامیہ کو چیک کروائے۔
  • ہر انجمن کے صدر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی انجمن کے جلوس کی حفاظت اور سیکورٹی کی مجبوریوں کی وجہ سے اپنی انجمن کے ارکان کے علاوہ اجنبی افراد کو اپنے ساتھ شامل نہ کرے اور خاص طور پر دونوں حرموں میں داخل ہونے سے پہلے اس بات کی یقین دہانی کریں کہ ان کے جلوس میں غیر معروف اور اجنبی افراد شامل نہیں ہیں۔
  • ہر انجمن کے صدر کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے تمام لاؤڈ سپیکرز، کیمروں اور دوسرے آلات کو جلوس سے پہلے امن وا مان اور سیکورٹی کے حوالے سے چیک کریں۔
  • ہر انجمن کے لیے اپنے ساتھ کسی بھی قسم کا آتشی اور جراحی اسلحہ کا رکھنا ممنوع ہے۔
  • جلوس کے ساتھ کسی بھی قسم کی تصویر کا ساتھ رکھنا یا اسے جلوس میں بلند کرنا ممنوع ہے۔
  • اربعین کی مناسبت کے علاوہ کسی بھی قسم کی تمثیل ممنوع ہے۔
  • ہر انجمن کے لئے ایسے بینرز وغیرہ کا لگانا یا جلوس کے ساتھ رکھنا ممنوع ہے کہ جو چہلم امام حسین علیہ السلام کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے۔
  • ہر انجمن کو رسمی طور پر ایسے کاغذات فراہم کر دئیے جائیں گے کہ جن کی بدولت وہ اپنے سامان کو کربلا کی چیک پوسٹ سے اپنے مراکز میں لا سکیں گے۔
  • کربلا شہر کے اندر یا باہر انجمنوں کے اماکن کی تعیین و تثبیت کربلا پولیس کے مقررہ آفیسر کی ذمہ داری ہے۔
  • تمام انجمنوں سے گزارش ہے کہ وہ حضرت امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضہ مبارک کی طرف سے جاری کردہ تعلیمات، جلوس کے لئے مقرر کردہ وقت اور حرموں کے ملازمین اور خدام سے تعاون کو یقینی صورت دیں۔
  • انجمنوں کے لئے جلوس عزاء اور دوسرے مواقع پر کسی بھی قسم کے مجمسوں کا ساتھ رکھنا ممنوع ہو گا۔
  • مواکب الضعن کے لئے فقط 15 اور 16صفر کا دن مختص کیا گیا ہے۔
  • حرموں کے اندر طبل کو بجانا ممنوع ہے۔
  • کھانا پکانے والی انجمنوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ آگ بجھانے والی گیس کے سلنڈر کو ساتھ رکھیں تاکہ خدا نخواستہ کسی حادثے کی صورت میں اس کو بر وقت استعمال کر کے نقصان سے بچا جا سکے۔
  • تمام خدماتی انجمنوں کے لئے ضروری ہے کہ صفائی کا مکمل خیال رکھیں اور پانی کی نکاسی کے لئے بنائے گئے گٹروں پر اپنے خیمے وغیرہ نصب نہ کریں اور نہ ہی ان پر اپنا سامان رکھیں۔
  • شہر کے اندر کھانا پکانے کے لئے لکڑی کا استعمال ممنوع ہے لہٰذا اس مقصد کے لئے گیس استعمال کی جائے۔
  • ماتم اور زنجیر زنی کے جلوسوں میں خواتین کا شامل ہونا ممنوع ہے۔
  • ہر انجمن اپنے مرکز کے باہر بڑا سا بینر نصب کرے کہ جس پر انجمن اور اس کے صدر کا نام مکتوب ہو اور اس کا فون نمبر بھی ساتھ لکھا ہوا ہو۔
  • کسی بھی مشکوک سر گرمی اور غیر قانونی حرکت کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس، فوج یا انتظامیہ کو دیں یا اس نمبر پر فون کریں: (07800678925)۔
  • ہر انجمن اور موکب اربعین کے بعد پہلی فرصت میں ہر جگہ سے اپنے خیموں اور دوسرے سامان کو ہٹا لے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/
تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬