رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کشمیر کی وزیراعلٰی محبوبہ مفتی نے کشمیر کے تمدن اور ثقافت کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ کُل ریاستی کلچرل اکادمی کی طرف سے بہترین خطاب ایوارڈ فراہم کرنے کے بعد ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیر میں فن، تمدن اور لٹریچر کا قیمتی ورثہ موجود ہے، جس کا تحفظ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اسے مستقبل کی نسلوں تک پہنچایا جا سکے۔
انہوں نے ریاست بھر میں رمضان پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کرانے پر کلچرل اکادمی کی ستائش کی۔ انہوں نے اس موقعہ پر ہری نواس پیلس میں ایک آرٹ گیلری قایم کرنے کا بھی اعلان کیا تاکہ فن پاروں کو وہاں پر معقول طریقے سے رکھا جاسکے اور عوام کو ان نایاب نوادرات کو دیکھنے کا موقعہ فراہم ہوسکے۔
اس سے قبل محبوبہ مفتی نے اسلامی قلمی نسخوں کی ایک نمائش کا بھی افتتاح کیا۔ نمائش میں اسلامی قلمی نسخے اور قرآن شریف کے نسخے نمائش کیلئے رکھے گئے تھے۔ ان میں 1300 ہجری میں لکھا گیا قرآنی قلمی نسخہ، بادشاہ جہانگیر کا لکھا ہوا قرآنی نسخہ، سونے کی سیاہی سے لکھا ہوا قرآنی نسخہ، 1237 ہجری میں لکھا گیا فتح اللہ کشمیری کا قرآنی نسخہ اور دیگر قلمی نسخے بھی شامل ہیں۔ محکمہ لائیبریریز نے بھی نادر قرآنی قلمی نسخے نمائش کے لئے رکھے تھے۔ مقبوضہ کشمیر کی وزیراعلٰی نے نمائش میں رکھے گئے نادر نسخوں میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے ان کے بہتر رکھ رکھاؤ پر زور دیا۔/۹۸۸/ ن۹۴۰