‫‫کیٹیگری‬ :
01 August 2017 - 18:04
News ID: 429275
فونت
حجت الاسلام آغا علی رضوی :
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل نے کہا : کربلا عزت سے جینے اور عزت سے مرنے کا درس دیتا ہے ۔
 حجت الاسلام آغا علی رضوی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام آغا علی رضوی نے اسد عاشورا کے موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کربلا عزت سے جینے اور عزت سے مرنے کا درس دیتا ہے۔ کربلا کے ماننے والے کبھی کسی طاغوت اور ظالم کے آگے سر نہیں جھکا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی تمام شیطانی طاقتوں نے مل کر داعش جیسی جماعت کی بنیاد ڈالی، لیکن یہ کربلائی جوان ہی تھے جنہوں نے عراق اور شام میں داعش کو شکست فاش سے دوچار کرا دیا۔

آغا علی رضوی نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان میں داعش اپنا اثر رسوخ بڑھانے کی کوششوں میں ہے۔ سکیورٹی اداروں کو وطن دشمن طاقتوں کی سرگرمیوں پر کڑی نگرانی کرنی چاہیے اور دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن ردالفساد کو تیز کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جی بی اس وقت ملک کا حساس ترین مقام بن چکا ہے۔ سی پیک کی وجہ سے دشمن کی نگاہیں جی بی پر ہیں۔ لیکن افسوس کیساتھ یہ کہنا پڑ رہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو یہاں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف خالصہ سرکار کے نام پر عوامی ملکیتی اراضی پر شب خون مارا جا رہا ہے تو دوسری طرف ہزاروں کنال اراضی آل سعود کی حکومت کو دینے کی پس پردہ سازشیں چل رہی ہیں۔

اپنے خطاب میں انہوں ںے کہا کہ عالمی سامراجی طاقتوں کی نگاہیں جی بی پر ہیں، عوام اور ریاستی اداروں کو ہوش میں رہنے کی ضرورت ہے۔ ہم گلگت بلتستان کی ایک ایک انچ اراضی کی حفاظت کریں گے اور اس پر کسی کو قابض ہونے نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک میں خطے کو مسلسل نظر انداز کرنا بھی کسی طور قابل قبول نہیں۔ ہم سی پیک میں جی بی کے لیے حصہ بقدر جثہ چاہتے ہیں۔ سی پیک میں حصہ لینے کے لیے جدوجہد کو سی پیک کی مخالفت قرار دینے والے اصل میں خطے کے دشمن ہیں۔

ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم کی نااہلی پر وزیراعلٰی گلگت بلتستان اور وزیراعظم کشمیر کی پریس کانفرنس میں ریاستی اداروں بلخصوص فوج اور عدلیہ کو زیر سوال لانے کے بعد بھی انکے خلاف کوئی اقدام نہ اٹھانا افسوسناک ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ایکشن پلان کے نام پر جی بی میں جاری سیاسی انتقام کا رخ علاقہ دشمن عناصر کی طرف کیا جائے تاکہ ریاست کی سلامتی یقینی ہو۔

آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ امریکہ کی جی بی میں جاری سرگرمیوں پر ریاستی ادارے نگاہ رکھیں، امریکہ عوام میں اثر نفوذ پیدا کرچکا ہے اور حساس ادارے خاموش ہیں۔ امریکہ خطے کی سلامتی کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔

اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم اسکردو کے سربراہ مولانا ذیشان نے کہا کہ کربلا کی یاد منانے کا مقصد سن 61 ہجری کی یزیدی فوج اور ظالموں کو برا بھلا کہنا ہی نہیں بلکہ عہد کے یزیدوں اور ظالموں کے کردار کو پہچاننا اور ان کی شر سے معاشرہ کو بچانا ہے۔ واقعہ کربلا کو منانے کے مقصد اپنی ذمہ داروں کا تعین ہے۔ کربلا انسان کو میدان عمل میں ڈٹ جانے اور ظالموں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پیغام حق پہنچانے کا درس دیتا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬