19 August 2016 - 10:47
News ID: 422707
فونت
وزیراعلٰی بلوچستان پاکستان:
بلوچستان پاکستان کے وزیر اعلٰی نے کہا: کشمیر میں ہونیوالی جدوجہد آزادی اور بلوچستان میں باغیانہ سرگرمیوں کا کوئی موازنہ نہیں ہے ۔
ثناء اللہ زھری


 
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،  لاء کالج کوئٹہ میں طالب علموں اور وکلاء سے خطاب میں وزیراعلٰی بلوچستان ثناءاللہ زہری کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لئے سراپا احتجاج ہیں، جبکہ بلوچستان میں ایک چھوٹا گروہ دشمن ملک کی ایماء پر کارروائیاں کررہا ہے۔
 

وزیراعلٰی بلوچستان  نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے بلوچستان کے حوالے سے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں کوئی بھی ان کے موقف کی حمایت نہیں کرتا۔ لاء کالج کوئٹہ میں طالب علموں اور وکلاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں ہونے والی جدوجہد آزادی اور بلوچستان میں نام نہاد باغیانہ سرگرمیوں کا کوئی موازنہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لئے سراپا احتجاج ہیں، جبکہ بلوچستان میں ایک چھوٹا گروہ دشمن ملک کی ایماء پر کارروائیاں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت مکمل طور پر بلوچستان میں نام نہاد بغاوت کی تحریک کی حمایت کرتی اور اس میں معاونت بھی فراہم کرتی ہے۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے یہ بھی کہا کہ براہمداغ بگٹی اور دیگر لوگ ہندوستانی حکومت سے فنڈز لیتے ہیں، اسی لیے انہوں نے بلوچستان کے حوالے سے نریندر مودی کے بیان کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں 100 فیصد لوگ حق خود ارادیت کا مطالبہ کررہے ہیں جبکہ بلوچستان میں مودی کے ایجنٹس کو ایک فیصد بھی حمایت حاصل نہیں۔ ثناءاللہ زہری نے کہا کہ داخلی معاملات میں ہندوستانی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، انڈیا اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہماری آرمی یہاں موجود ہے اور ہم بلوچستان کے وارث ہیں۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے کتنے ہی براہمداغ بگٹی اور مودی آئیں گے اور چلے جائیں گے، لیکن پاکستان تاقیامت رہے گا۔ وزیراعلٰی بلوچستان کا کہنا تھا، میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ ہندوستان بلوچستان کے حالات خراب کررہا ہے۔ انہوں نے براہمداغ بگٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ، براہمداغ یا تو تم مسلمان نہیں یا پھر اب مسلمان نہیں رہے، چند ٹکوں کے لئے ہندوستان کا ساتھ دیتے ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں ملوث ہے۔ ثناءاللہ زہری نے ایک بار پھر کہا کہ سانحہ کوئٹہ میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث ہے، کلبھوشن نے پاکستان میں مداخلت کے انکشافات کئے۔ آخر میں انہوں نے دہشت گردی مردہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے اور کہا کہ ہم دہشتگردوں کے آگے نہیں جھکیں گے اور نہ ہی شہیدوں کے خون سے غداری کی جائے گی۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی روح ہے، جس نے اسے ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی اسے تباہ کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کا بیان بلوچستان میں دہشت گردی اور قتل و غارت کا اقبالی بیان ہے، آج پورا ملک مودی مردہ باد کے نعرے لگا رہا ہے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے علاوہ صوبائی وزراء نے بھی شرکت کی، جبکہ بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات بھی وہاں موجود تھے۔

 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬