09 March 2017 - 21:35
News ID: 426779
فونت
صاحبزادہ حامد رضا :
سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین نے کہا :شریف برادران کی سیاست کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہونیوالا ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفاداتی اور نظریاتی سیاست کا آخری معرکہ جاری ہے، پیپلز پارٹی کا فوجی عدالتوں میں توسیع کے مسودے پر متفق ہونا خوش آئند ہے، اپوزیشن متحد ہوکر ہی حکومت کو من مانیوں سے روک سکتی ہے، ن لیگ کی حکومت نے 4 سال میں کوئی عوامی مسئلہ حل نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اکثر ممبران کھوٹے سکے ہیں، جمہوریت کے علمبرداروں کو جمہور کی کوئی فکر نہیں، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقتولین کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، وفاق اور پنجاب کے قاتل حکمرانوں کو شہداء ماڈل ٹاؤن کے ایک ایک قطرے کا حساب و جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کا مقدس خون ظالم حکمرانوں کا تعاقب کرتا رہیگا، شریف برادران کی سیاست کا سورج ہمیشہ کیلئے غروب ہونیوالا ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ معاشی دہشتگردوں کیخلاف بھی ردّالکرپشن کی ضرورت ہے، سول اداروں کی نااہلی کی وجہ سے فوج کی قربانیاں ضائع ہو رہی ہیں، کمر توڑ مہنگائی نے ہر غریب گھر کا چولہا بجھا دیا ہے، ملک غیر محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نااہل حکمران ملک و قوم پر بوجھ ہیں، 32 لاکھ دولت مند افراد ٹیکس ادا نہیں کرتے لیکن حکومت امیر ترین افراد سے ٹیکس وصول کرنے کے بجائے غریب عوام پر بالواسطہ ٹیکس لگا دیتی ہے، حکومت غریبوں سے جینے کا حق نہ چھینے۔

انہوں نے کہا : ن لیگ کی حکومت بری حکمرانی کی بدترین مثال ہے، ہسپتالوں میں مریض ادویات نہ ہونے کی وجہ سے ایڑیاں رگڑ رگڑ کر مر رہے ہیں لیکن حکومت کو سڑکیں بنانے سے فرصت نہیں، گڈگورننس نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے قوم کو ڈاکوں، فاقوں اور دھماکوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬