26 May 2017 - 16:24
News ID: 428244
فونت
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی :
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا : مسلم امہ کی جانب سے بھی بحرین میں عوام کے خلاف جاری جابرانہ پالیسیوں کے تدارک کے لئے فوری کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے بحرین کے عوامی رہنما شیخ عیسی قاسم کے گھر پر موجودعوام پر گولیاں برساکر معصوم لوگوں کو شہید کرنے کے واقعے کو انسانی حقوق کی پامالی قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں سمیت اقوام متحدہ سے اس عوام کش اقدام کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بحرین کے عوامی رہنما اور بزرگ عالم دین شیخ عیسی قاسم کی جانب سے بحرین میں جمہوریت کی شروع کردہ تحریک کو طاقت کے ذریعے دبانے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا کہ دنیا کے بدلتے ہوئے حالات میں اقوام عالم میں جمہوریت کے لئے بیداری کوئی جرم نہیں اور بحرین کی عوام کی جمہوریت کے لئے جاری پرامن جدوجہد کو طاقت کے ذریعے دبانا انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جس پر عالمی انسانی حقوق کے اداروں سمیت اقوام متحدہ کو خاموشی توڑ کر اس تشدد کا نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ عوام کی بیداری کی کسی بھی تحریک کو طاقت سے دبانے کے نتائج کبھی موثر نہیں رہے لہذا ہوش کے ناخن لے کر عوام پر تشدد کی بجائے عوام کے جائز مطالبات تسلیم کئے جانے چاہئیں۔

حجت الاسلام ساجد نقوی نے ایسے عوام کش اقدام سے خطے میں مزید بدامنی اور فرقہ واریت کو ہوا ملنے کا خدشہ قرار دیتے ہوئے مسلم امہ کی جانب سے بھی بحرین میں عوام کے خلاف جاری جابرانہ پالیسیوں کے تدارک کے لئے فوری کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں بحرینی سیکورٹی فورسز نے عوامی رہنما اور بزرگ عالم دین شیخ عیسی قاسم کو عوامی حقوق کے لئے چلائی جانے والی تحریک پر گرفتار کرنے کے لئے ان کی رہائش گاہ پر موجود سینکڑوں نہتے مقامی باشندوں پر گولیاں برسا کر انکو منتشر کیا جس میں متعدد بحرینی شدید زخمی ہوگئے تھے جبکہ فورسز نے شیخ عیسی قاسم کے گھر کا تاحال محاصرہ کررکھا ہے ۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬